• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانی پی آئی اے کی کامیابی کیلئے کردار ادا کریں، ڈاکٹر مشرف

کوونٹری/ اسلام آباد (وقار ملک)پی آئی اے کمرشل ادارہ ہے، لیکن پاکستان کی پہچان اور آن ہے جو دنیا میں اپنا جھنڈا بلند کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے اوورسیز پاکستانی سفر کے لیے پاکستان کی ائر لائن کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی آئی اے کے سی ای او ڈاکٹر مشرف رسول نے ’’جنگ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے دنیا میں اپنا ایک مقام بنایا۔ دنیا کو اپنی طرف متوجہ کیا، لیکن پچھلے ادوار حکومت میں پی آئی اے پر مکمل توجہ نہیں دی گئی۔ ہوا بازی کے مشیر سردار مہتاب عباسی نے پی آئی اے کو ایک مرتبہ پھر ایک کامیاب کمپنی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔ ایک مرتبہ پھر ہم ایک ٹیم بن کر کمربستہ ہوچکے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی آگے بڑھیں اور اپنی واحد ائر لائن کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں، بلکہ اپنے مفید مشوروں سے نوازیں۔ ہم انہیں بہترین سروس فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہیں۔ آئندہ چند مہینوں کے بعد مزید تبدیلیاں اور آسائشیں میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں بالخصوص دیگر مسافروں کو بھی بہترین سہولتیں فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے اور اس پالیسی پر عمل پیرا بھی ہے۔ ہم سب کو اس کا امیج بہتر کرنے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسے دوبارہ سے بہترین، کامیاب ائر لائن بنانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ میری اولین ترجیح مسافر ہیں۔ ان کے ساتھ رویہ بہتر اور دیگر سہولیات کی فراہمی دینا ہوگی۔ جہاز کے اندر کا نظام اور عملے کا بہتر اخلاق ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ چند ماہ کے بعد ایک مرتبہ پھر عوام کی عدالت میں آئیں گے اور پوچھیں گے کہ بتائیں کہ تبدیلی نظر آئی۔ ڈاکٹر مشرف رسول نے کہا کہ وہ برطانیہ کے دورہ کے دوران صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ ان کے ساتھ مل کر مشوروں کے ذریعے بہتر سے بہتر پالیسی بنائی جائے۔ دریں اثناء یوکے برطانیہ میں مقیم کمیونٹی نے ڈاکٹر مشرف کی تعیناتی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار آفیسر کی تقرری سے معاملات سلجھانے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین