• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر فریڈم موومنٹ نے ہر محاذ پر بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا

برمنگھم(نمائندہ جنگ) کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی و صدر الحاج صوفی غلام محمد نے کہا ہے کہ1961سے لے کر آج تک کشمیر فریڈم موومنٹ برطانیہ نے مسئلہ کشمیر کو ہر محاذ پر اجاگر کرکے بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا ہے۔ اولین دور میں بھارتی سربراہان پنڈٹ نہرو، اندرا گاندھی شاستری سمیت دیگر اہم بھارتی شخصیت کی برطانیہ آمد پر تاریخ ساز احتجاج اور مظاہرے کرکے آج تک برطانیہ میں تحریک آزادی کشمیر کو صحیح معنوں میں زندہ رکھے ہوئے ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں، رہنمائوں کے علاوہ مختلف اہم سیاسی و سماجی شخصیات حاجی محمد بوٹا شیدائی، چوہدری اسلم وسن، صوفی محمد، علی اشرف معین پوری اوردیگر سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوفی غلام محمد نے کہا کہ ان کی آخری خواہش کشمیر کی آزادی دیکھنا ہے۔ 1957میں برطانیہ آنے کے بعد 1961 میں مسئلہ کشمیر کو منصفانہ انداز میں اجاگر کرنے کے لیے کشمیر فریڈم موومنٹ برطانیہ کی بنیاد رکھ کر کشمیر کی آزادی کے لیے برطانیہ میں جدوجہد کا آغاز کردیا گیا۔ نصف صدی سے زائد عرصہ سے برطانیہ میں ہر ممکن کردار اور احتجاج جاری رکھ کر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ1961میں برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جدوجہد کو جدید تقاضوں کے مطابق شروع کیا گیا۔ پہلی بار دنیا کو بتایا گیا کہ کشمیری ایک قوم ہے جو اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ الحاق کی بجائے ہمیں اپنی قومی آزادی پر زور دینا ہوگا، مکمل آزادی سے قبل الحاق کے شور شرابے کی وجہ سے مسئلہ کشمیر آج تک حل نہیں ہوسکا ہے۔ صوفی غلام محمد نے مزید کہا کہ برطانیہ میں ہمیں مسئلہ کشمیر پر بے پناہ محاذوں پر کامیابیاں ملی ہیں۔ عالمی برادری نے ہماری آواز اور درد کو بھی محسوس کیا ہے، لیکن افسوس ہے کہ کشمیری عوام دھڑوں میں تقسیم ہوکر اپنے اپنے ایجنڈے کی بات کررہے ہیں، لیکن اس وقت ہمیں مل کر اپنی مکمل آزادی حاصل کرنی ہوگی۔
تازہ ترین