• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممبران کشمیر کونسل کے فنڈزروکناناانصافی ہے، چوہدری محمد خان

ایلڈرشاٹ(پ ر) سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محمد خان نے سردار نعیم خان کی طرف سے کشمیر کونسل کے فنڈز پر ان کے موقف کی مکمل تائید کی ہے۔ سابق ممبران کشمیر کونسل کے فنڈز اور جاری سکیموں کے مختص فنڈز روک کر کشمیریوں کےساتھ ناانصافی کی گئی۔ چوہدری محمد خان نے کہا کہ اوورسیز کشمیری عرصہ دو سال سے مختلف فورمز پر یہ مسئلہ اٹھا رہے ہیں۔ لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے ساتھ متعدد بار کونسل کے فنڈز کا مسئلہ اٹھایا گیا۔ ہائی کمشنر کے ذریعے وزیراعظم پاکستان کو ای میل بھی بھیجی گئیں لیکن ابھی تک کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے اوورسیز کشمیریوں میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے۔ چوہدری محمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت سے پہلے پاکستان میں جو حکومت برسراقتدار تھی اس کی طرف سے کبھی بھی کشمیر کونسل کے فنڈز نہیں روکے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کے فنڈز کشمیریوں کی ملکیت ہیں اور یہ فنڈز آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی پر خرچ کئے جانے چاہئیں۔ چوہدری محمد خان نے کہا کہ انہوں نے جو فنڈز بھی منظوری کے لئے بھیجے وہ اوورسیز کشمیریوں کے علاقوں میں مختلف سکیموں کے لئے تھے اور زیادہ تر سکیموں پر آدھے سے زیادہ کام بھی ہو چکا تھا لیکن وزارت امور کشمیر نے ان فنڈز کو روک کر سراسر زیادتی کی۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ان فنڈز کو فی الفور جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ اوورسیز کشمیریوں میں پائی جانی والی بے چینی دور ہو سکے۔
تازہ ترین