• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار تین نوجوان جاں بحق،دیگرواقعات مین4 افرا د ہلاک، 12 زخمی

خیرپور+نوابشاہ+ڈگری(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران) ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار تین نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر واقعات میں 4؍افراد ہلاک اور 12؍زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق خیرپور کھوڑا کے قریب رپڑی روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار انٹر کا طالب علم محسن علی کھوڑو جانبحق ہو گیا جبکہ اس کا قریبی رشتے دار فقیر محمد کھوڑو شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو نازک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا ۔دریں اثناء کچے کے علاقے کے گوٹھ صادق کلہوڑو کے قریب مسلح افراد نے موٹر سائیکل نہ روکنے پر فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار نظام الدین خروس کو شدید زخمی کر دیا مسلح افراد نے نظام الدین سے موٹر سائیکل چھیننے کے لیے اس کو روکنے کی کوشش کی لیکن موٹر سائیکل نہ روکنے پر مسلح افراد نے اس پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو نازک حالت میں سول اسپتال خیرپور پہنچایا گیا۔ نوابشاہ دوڑ روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوان18 سالہ عرفان رند،19سالہ فیصل اور20 سالہ عبداللہ چانڈیو جاں بحق ہو گئے حادثہ کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔تینوں نوجوانوں کی لاشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔ ڈگری واٹر کورس سے ایک لاش ملی۔ قریبی کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین نے لاش کی اطلاع دی جس کے بعد لاش کی شناخت خانو ولد کیمون میگھواڑ جو کہ وارڈ نمبر 14 ڈگری کا رہائشی تھا کے نام سے ہوئی . بعد ازاں نعش ورثاء کے سپرد کردی گئی۔ شہدادپور گاؤں مقصودہ رند کے قریب حاجن اور خاصخیلی برادری کے دو گروپوں میں تصادم میں ڈنڈوں کلہاڑیوں کے آزادانہ استعمال سے یامین علی، گل میرل، وسیم حاجانو اور دوسرے گروپ کے میوا رمضان اور وسیم خاصخیلی سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ جنہیں فوری طور پر منتقل کیا گیا۔ جگھڑے کا سبب پرانی دشمنی کا بتایا جاتا ہے۔ سیٹھارجہ لنک روڈپر فون شاخ کے مقام پر کار اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں ڈیپارجہ کے رہائشی دریاخان ڈیپر ، آفتاب ڈیپر اور ظہیر ڈیپر شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہنگورجہ اسپتال میں داخل کیا گیا اور پولیس نے کار اور موٹرسائیکل کو اپنے تحویل میں لے لیا۔ ٹھٹھہ درگاہ پیر شاہ بخاری کے قریب چار سالہ علی اختر ولد علی اکبر ملاح گھر کے باہر کھیلتے ہوئے مین ہول میں گرنے کے نتیجے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ بعد ازاں ورثاء کی جانب سے کافی دیر تلاش کے بعد لاش مین ہول سے برآمد ہوئی، جسے نکال کر سول اسپتال مکلی لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے بچے کی موت کی تصدیق کردی، متوفی کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ میرپورماتھیلو یارو لوند تھانہ کی حدود رامن لوند گوٹھ میں 18 سالہ غیر شادی شدہ رخسانہ نامی لڑکی کی گولی لگی لاش پولیس نے اس کے گھر سے برآمد کی جس کے قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی پولیس تفشیش کررہی ہے۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
تازہ ترین