• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرین خان کا فلموں میں ناکامی کے بعد ٹی وی پرکام کرنے کا فیصلہ

ممبئی(ایجنسیاں) نامور بولی وڈ اداکارہ زرین خان نے فلموں میں مسلسل ناکامی کے باعث ٹی وی پر کام کرنے کافیصلہ کیاہے۔اداکارہ بہت جلد بھارتی ٹی وی کے نئے ہارر شو میں نظرآئیں گی۔سال 2010 میں فلم ویرکے ذریعے فلموں میں انٹری دینے والی اداکارہ زرین خان کو بولی وڈ میں متعارف کروانے کا سہرا سلمان خان کے سر جاتا ہے۔ فلم ویر کے علاوہ زرین خان کو بولی وڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف سے مشابہت کے باعث بھی مقبولیت حاصل ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت سلمان اور کترینہ کے درمیان تعلقات کشیدہ تھے اورسلومیاں نے زرین خان کو کترینہ کیف کے مقابلے میں ہی بولی وڈ میں متعارف کیا تھا۔ تاہم فلم ویر باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی اس کے علاوہ زرین خان کو ان کے زیادہ وزن کے باعث بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔فلم ویرریلیز ہونے کے بعد طویل عرصے تک زرین فلموں میں نظرنہیں آئیں، فلمسازان کے بڑھے ہوئے وزن کے باعث انہیں فلموں میں کاسٹ کرنے سے کترانے لگے اور کہا جانے لگا کہ زرین کا کیرئیر ختم ہوچکا ہے۔ تاہم2012 میں انہوں نے ہاؤس فل2کے ذریعے بولی وڈ میں واپسی کی، بعد ازاں زرین 2015 میں فلم ہیٹ اسٹوری3میں نظر آئیں تاہم فلم میں بولڈ مناظر کی عکسبندی کے باعث ان پر شدید تنقید کی گئی۔فلم ہاؤس فل2کے علاوہ زرین خان کا اور کوئی پروجیکٹ خاص کامیابی حاصل نہ کرسکا۔ فلموں میں مسلسل ناکامی کی وجہ سے زرین خان نے ٹی وی پرکام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زرین بھارتی چینل اسٹارپلس سے شروع ہونے والے نئے ہارر شو کے ذریعے ٹی وی پر ڈیبیو کررہی ہیں۔ اسٹار پلس کے مقبول ترین ٹی وی سیریل عشق بازکی پروڈیوسر گل خان زرین خان کا نیا شو پروڈیوس کریں گی۔ شو کی دیگر کاسٹ کے بارے میں فی الحال کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔
تازہ ترین