• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ عظمیٰ،مالیات کےسوا کوئی محکمہ چالان جاری نہیں کرسکے گا، میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے تمام محکموں پر ہر طرح کے چالان جاری کرنے پر فوری طور پر پابندی عائد کردی، اب کسی بھی مد میں ادائیگی کے لئے صرف محکمہ مالیات کو ہی چالان جاری کرنے کا اختیار حاصل ہوگا اور ان تمام چالان کی طباعت کے ایم سی پرنٹنگ پریس میں کی جائے گی، یہ بات انہوں نے نئے طباعت شدہ چالان کے اجراء اور محکمہ مالیات کے حوالے کئے جانے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، میئر نے کہا کہ مختلف پلاٹوں کے لین دین، ٹرانسفر، موٹیشن، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مارکیٹوں کی دکانوں کے ٹرانسفر اور دیگر مختلف نوعیت کے کاموں کے لئے کے ایم سی کے مختلف محکمے اپنے اپنے طور پر چالان جاری کیا کرتے تھے جس میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں پائی گئیں، چالان بینک میں جمع کرانے کے بعد مختلف افراد کے ایم سی کی املاک کے دعویدار بن جاتے تھے جس کا میئر کراچی نے سختی سے نوٹس لیا اور ڈائریکٹرمیڈیا و پرنٹنگ پریس کو ہدایت کی کہ نئے چالان شائع کئے جائیں جس پر بک نمبر اور سیریل نمبر ڈالے جائیں تاکہ جعلی چالان جاری کرنے سے بچا جاسکے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8برسوں میں کروڑوں روپے کے جعلی چالان جاری کئے گئے اور جعلی چالان جاری کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی، انہو ں نے کہا کہ اب اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ ایسے افسران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ، انہوں نے کہا کہ بینکوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف کے ایم سی کے محکمہ مالیات کی جانب سے جاری کردہ چالان ہی وصو ل کریں بصورت دیگر ایسے چالانوں کو جعلی سمجھا جائے گا جو دیگر محکمے یا افسران جاری کریں گے، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی محکمہ کے ایم سی پرنٹنگ پریس کے علاوہ بازار سے چالان چھپواکر جاری کرے گا تو اسے جعلی تصور کیا جائے گا اور چالان پر دستخط کرنے والے افسران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، افسران یا تو اپنا رویہ درست کرلیں ورنہ انہیں عہدہ چھوڑنا ہوگا، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور شہر کی بہتری کے لئے کسی قسم کا دبائو قبول نہیں کریں گے،اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی پرنٹنگ پریس میں شائع شدہ چالان بک محکمہ فنانس کے حوالے کی۔
تازہ ترین