• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج پانچواںون ڈے،بولرز کا دبدبہ، پاکستان سری لنکا کی مکمل صفائی کیلئے تیار

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچواں ون ڈے انٹر نیشنل پیر کو شارجہ اسٹیڈیم میں ہورہا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم سیریز میں بولرز کا دبدبہ قائم رکھتے ہوئے لنکا کی مکمل صفائی اور کلین سوئپ کے لئے پرعزم ہے۔ سرفراز احمد نے پاکستانی بولنگ کو دنیا کی بہترین بولنگ قرار دیا ہے۔ پاکستان کو پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں چار صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ اگر پاکستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر لیا تو یہ چھٹا موقع ہوگا جب پاکستانی ٹیم سیریز میں پانچوں میچ جیتے گی۔ پاکستان کے کپتان وقار یونس تھے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے2002-03 میں زمبابوے کے خلاف پانچوں ون ڈے انٹر نیشنل جیتے تھے ۔2003میں انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان نے ہوم گرائونڈ پر بنگلہ دیش کو پانچ صفر اور نیوزی لینڈ کو پانچ صفر سے شکست دی تھی۔2007-08 میں پاکستان نے شعیب ملک کی کپتانی میں ہوم گرائونڈ پر زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف پانچوں میچ جیتے تھے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس بات پر بہت خوش ہیں کہ ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کھلاڑیوں نے زبردست کم بیک کیا ہے اور تینوں ون ڈے میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستانی ٹیم آخری میچ بھی  اسی کارکردگی کا مظاہرہ کرے جو وہ پہلے چار میچوں میں دکھا چکی ہے ۔ سرفراز احمد کہتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اچھی سے اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم مسلسل آٹھ ون ڈے میچز جیت چکی ہے۔ دوسری جانب سری لنکا کو لگاتار دس ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سری لنکا کے کوچ نک پو تھا س نے اعتراف کیا کہ آٹھ میچوں میں سری لنکا کا ڈھائی سو اسکور نہ کرنا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ تیسرے ون ڈے میں پاکستانی بولنگ اٹیک اچھا تھا لیکن یہ ایسی وکٹ ہرگز نہیں تھی جس پر ٹیم دو سو آٹھ رنز پر آؤٹ ہوجائے۔ شارجہ میں پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ اس نے یہاں 122 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے 81جیتے ہیں، چالیس میں اسے شکست ہوئی ہے اور ایک ٹائی ہوا ہے۔ سری لنکا نے شارجہ میں 78 ون ڈے کھیلے ہیں جن میں سے 29 جیتے ہیں، 47 ہارے ہیں اور دو ٹائی ہوئے ہیں۔ دونوں ٹیمیں شارجہ میں 35 ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 22 جیتے ہیں، 12میں سری لنکا کو کامیابی ملی ہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔ 
تازہ ترین