• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میچ فکسنگ پیشکش کی بروقت اطلاع، سرفراز نے پوری کرکٹ برادری کیلئے مثال قائم کردی، مکی آرتھر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد کی جانب سے سٹے باز کی پیشکش کو ٹھکرانا اور متعلقہ حکام کو اس بارے میں رپورٹ کرنا مثالی قدم ہے اس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ وہ نوجوانوں کیلئے مثال ہیں۔ سرفراز احمد نے بروقت رپورٹ کر کے اس معاملے کو بالکل صحیح انداز میں ہینڈل کیا۔ کپتان نے قواعد وضوابط کی پاسداری کر کے ٹیم اور پوری کرکٹ برادری کے لیے ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم جس عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز پانچ صفر سے جیت جائے گی۔ مسلسل فتوحات کا ورلڈ ریکارڈ زیادہ دور نہیں ہے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو بحیثیت کوچ مایوسی ہوگی۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں بھارت سے ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم اب تک لگاتار آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہماری کارکردگی توقعات کے برعکس ہے اس بارے میں بہت کچھ کرنے ضرورت ہے۔ اگلی ٹیسٹ سیریز سے قبل ہم ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔ خیال رہے کہ سرفراز کو پیشکش کرنے والے کے بار ے میں میڈیا اس شخص کا نام عرفان انصاری کے طور پر لیا گیا۔ عرفان شارجہ اور دبئی میں کرکٹ آرگنائزر ہیں۔ وہ کلب چلاتے ہیں۔ شارجہ کرکٹ کے سیکریٹری مظہر خان کا کہنا ہے کہ عرفان کبھی شارجہ اسٹیڈیم میں ملازم نہیں رہا وہ دبئی اور شارجہ میں انٹر نیشنل میچوں کے دوران نیٹ کے لئے بولر فراہم کرتے تھے۔ عرفان کو اسٹیڈیم آنے سے نہیں روکا ،نہ اس کا ویزا ہمارے توسط سے جاری ہوا ہے۔ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اینٹی کرپشن یونٹ معاملے کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے ہفتے کو سرفراز احمد سے انٹرویو کیا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کا یہ قانون ہے کہ کوئی بھی کرکٹر اگر اس طرح کے کسی بھی مشکوک شخص سے رابطے کی اطلاع دیتا ہے تو پھر آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ اس کرکٹر سے تفصیلات معلوم کرتا ہے۔تاہم مطلع نہ کرنے پر اسے اینٹی کرپشن قوانین کے تحت چھ ماہ سے تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کی اطلاع آئی سی سی کو دے دی اور اب یہ معاملہ مشترکہ طور پر دیکھا جارہا ہے۔ اتوار کو سری لنکا کے خلاف پانچویں ون ڈے انٹر نیشنل سے قبل مکی آرتھر نے سرفراز احمد کا نام لیے بغیر کہا کہ مذکورہ کھلاڑی نے غیریقینی حد تک بہترین طریقے سے اس معاملے کو حل کیا، جو کچھ بھی ان سے درکار تھا انہوں نے وہ کیا اور ہماری اس کے بعد گفتگو بھی ہوئی۔
تازہ ترین