• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی ہائرایجوکیشن کی نمائندگی کے خاتمے کا اقدام، 2 جامعات نے سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کا فیصلہ مسترد کردیا

کراچی(سید محمدعسکری/ اسٹاف رپورٹر) جامعہ این ای ڈی اور جامعہ شاہ عبدالطیف خیرپور نے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے سینڈیکٹ اوردیگراداروں سے نمائندگی ختم کرنے کے سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کے اقدام کو مسترد کردیا ہے، دونوں جامعات کے رجسٹرارز نے سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر عتیق الرحمٰن کھوڑو کو اس حوالے باقاعدہ خطوط بھی لکھے ہیں جس میں انہوں نے وفاقی ہائرایجوکیشن کی نمائندگی ختم کرکے اس کی جگہ سندھ ایچ ای سی کو نمائندگی دینے کی ہدایت پر عمل کرنے سے معذرت ظاہرکردی ہے۔ رجسٹرار این ای ڈی پرفیسر غضنفر نے اپنے خط میں کہاہے کہ جامعہ این ای ڈی کے ایکٹ میں ہائرایجوکیشن کمیشن کی سینڈیکٹ اور سینیٹ میں نمائندگی موجود ہے ، سیکرٹری تعلیم کی بھی ایکٹ میں سینیٹ ، سینڈیکٹ اور اکیڈمک کونسل میں نمائندگی موجود ہے چنانچہ ان دونوں افراد کی نمائندگی اس وقت ختم ہوسکتی ہے جب یونیورسٹی کے ایکٹ میں ترمیم کردی جائے۔ رجسٹرارجامعہ شاہ عبدالطیف خیرپور کے رجسٹرار نے اپنے خط میں کہاکہ ہائرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد سے تنخواہوں اور ترقیوں کی مدمیں بھاری رقم دی جاتی ہے جبکہ بیرون ملک سفری امداد، اسکالرشپس ، تربیت اور بیرون ملک کانفرنسوں میں جانے کےلیے رقم بھی ہائرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد ہی دیتا ہے خط میں یہ بھی بتایاگیا ہے کہ وفاقی ہائرایجوکیشن کمیشن کی جگہ سندھ ایچ ای سی کی نمائندگی صرف ایکٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ واضح رہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سندھ کی تمام سرکاری جامعات کو خط تحریر کیا تھا جس میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کیشن اور صوبائی سیکرٹری تعلیم کی سینڈیکیٹ اور دیگر ادروں سے نمائندگی ختم کردیں اور ان کی جگہ سیکرٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سیکرٹری بورڈز و جامعات کو نمائندگی دیں۔
تازہ ترین