• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی بی اے کراچی طبقاتی تعلیم کو فروٖ غ دے رہا ہے، ڈاکٹر نثارصدیقی

کراچی ( سید محمد عسکری) انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن یونیورسٹی(آئی بی اے)سکھر میں " امن ، تعلیم اور صحافت کے ذریعے" کے موضوع پر سیمینار ہوا جس سے سینٹرفارپیس جرنلزم پارک یونیورسٹی میسوری امریکا کے ڈائریکٹر اسٹفین ینگ بلڈ، آئی بی اے سکھر کے ڈائریکٹر نثارصدیقی ، کوالٹی ایشورنس کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشیرمحمدداود پوتا ، سینئرصحافی نازسہتو، آئی بی اے کراچی کی حرا صدیقی، ماہم مہر اور فاٹا کے صحافی افتخار فردوس نے خطاب کیا۔ نیازسہتو نے کہاکہ ہمارے نصاب میں تبدیلی کی ضرورت ہے اس میں کافی متنازع مواد ہے جسے نکال دینا چاہیئے ہمارے اسکولوں اور کالجوں کے نصاب میں ایسا مواد ہےجو بانی پاکستان کے نظریہ سے متصادم ہے جب تک ہم متنازع اور اختلافی مواد نہیں نکالیں گے امن، پیار اور محبت کوفروغ دینا مشکل ہوگا۔ ماہم مہر نے کہاکہ میڈیا خواتین کے ساتھ انصاف نہیں کرتا اگرخواتین کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے زیادتی کے ملزم کا ذکر کم جبکہ متاثرہ کا ذکر زیادہ ہوتا ہے انہوں نے کہاکہ میڈیا میں خواتین کی خبریں کم ہوتی ہیں ان کی خبریں اس وقت لگتی ہیں جب انہیں کوئی عہد ہ ملتا ہے یا وہ سیاسی ہوتی ہیں۔ آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر نثارصدیقی نے کہاکہ آئی بی اے کراچی طبقاتی تعلیم کو فروٖ غ دے رہا ہے جہاں صرف 90 فیصدسے زائد ان طلبہ کو داخلہ ملتا ہے جنھوں نے اے اور او لیول کیا ہوتا ہے جبکہ ہمارے پاس 70 فیصد سے زائد بچے سرکاری اسکولوں کے ہوتے ہیں انہوں نے کہاکہ امن اورترقی کے لیے یہ ضروری ہے کہ امیر کے ساتھ غریب طلبہ کو بھی اچھی تعلیم کے مواقع دستیاب ہوں کیونکہ صرف امیروں کے بچوں کو پڑھا کر ہم ترقی نہیں کرسکتے اسٹفین ینگ بلڈ نے کہاکہ پرامن صحافت کے لیے ایڈیٹرزاور رپورٹرز کو یہ حق حاصل ہونا چاہیئے کہ وہ آزادی کے ساتھ امن کوفروغ دے سکیں انہیں یہ ذمہ داری ملنی چاہیئے کہ وہ خبر لکھتے وقت یا اسے بہتر کرتے وقت اپنے جملوں، الفاظ کا استعمال کریں جس سے امن کی راہ ہموار ہو ، نفرت کاخاتمہ ہو۔
تازہ ترین