• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی ڈائری این اے -4 ،کیلئے کامیاب امیدوار 8ماہ کیلئے منتخب ہوگا

اسلام آباد (محمدصالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار) پشاور کے این اے 4 میں آئندہ جمعرات کو ہونے والے قومی اسمبلی کی رکنیت کے لئے ضمنی انتخابات میں منتخب رکن آٹھ مہینوں کے لئے منتخب ہوگا۔ چند ہفتوں یا چندمہینوں کی نشست کیلئے چھوٹی بڑی سبھی سیاسی جماعتیں اس میں اپنے اپنے امیدواروں کے لئے جس طور پر جان لڑا رہی ہیں اس سے گمان ہوتا ہے کہ پشاور کا یہ ضمنی انتخاب کوئی بہت بڑی جنگ ہے۔ ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف اور عمران خان کا سیاسی مستقبل دائو پر لگ کر رہ گیا ہے کیونکہ ضمنی انتخاب تحریک انصاف کی نشست پر منعقد ہورہاہے اگر وہ اس میں کامیاب رہتی ہے تو کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہوگا ہارنے کی صورت میں اسے ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ یہ ضمنی انتخاب آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کیلئے رائے عامہ ثابت ہوگا۔ یہ نشست تحریک انصاف کی حد درجہ تعلیم یافتہ اور مہذب امیدوار گلزار احمد نے 2013کے عام انتخابات میں جیتی تھی وہ حکومتی انتظامیہ کے اہم منصب سے ریٹائر ہوئے تھے اپنے انتخاب کے چند ماہ بعد ہی انہوں نے عمران خان کی عاقبت نا اندیشانہ حکمت عملیوں اور طرز عمل کے باعث تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف دیگر نو ارکان کے ہمراہ علم بغاوت بلند کردیا اور آخر دم تک اس پر ڈٹے رہے ان کے انتقال پر مرحوم کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات کرائے جارہے ہیں۔ مرحوم کے صاحبزادے جو ابتداً آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑنا چاہتے تھے تاہم پیپلزپارٹی نے انہیں شیشے میں اتار لیا اور اب وہ پیپلزپارٹی کے ضمنی انتخابات میں امیدوار ہیں۔ جماعت اسلامی جو کے پی میں تحریک انصاف کی اکلوتی حلیف ہے اور جس کے دم قدم سے صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت برقرار ہے۔ ضمنی انتخاب میں اس نے بھی اپنا امیدوار میدان میں اتار رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق موقع بے موقع سبکدوش وزیراعظم نواز شریف کو برا بھلا کہہ کر نہ صرف اپنا دل پشوری کرتے ہیں بلکہ خاموشی سے عمران خان کی خوشامد کے بھی مرتکب ہورہے ہیں کیونکہ نواز شریف کے بارے میں اقراپردازی عمران کے کانوں کو موسیقی محسوس ہوتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نون نے سماجی خدمات کے شعبے میں خدمات کے لئے اچھے نام سے یاد کئے جانے والے امیدوار کو نامزد کر رکھا ہے۔

تازہ ترین