• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران مکاری کا دوسرانام،منہ کے جُلاب لگ گئے ہیں،پیپلزپارٹی

اسلام آباد،کراچی (ایجنسیاں)پیپلزپارٹی کے رہنماؤںسعیدغنی‘صوبائی وزیرنثارکھوڑو‘سینیٹر روبینہ خالد ‘ سینیٹر عاجز دھامرہ‘ چوہدری منظور‘ اعجازدرانی ودیگرنے عمران خان کے سہیون میں جلسے سے خطاب پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو منہ کے جلاب لگ گئے ہیں ،وہ بھٹوخاندان کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں‘سہون میں جلسی کرکے وہ سندھ فتح نہیں کرسکتے‘عمران خان جھوٹ اور مکاری کا دوسرا نام بن چکا ہے، سیہون میں آج خورد برد خان اور بدعنوان اکٹھے نظر آئے۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ سہون میں آج خورد برد خان اور بدعنوان اکٹھے نظر آئے ،عمران نیازی کی سونامی نے خیبر پختونخوا کے عوام کو صرف آنسو دیئے‘شوکت خانم کے چندے میں خوردبرد لوٹ مار نہیں تو اور کیا ہے‘ عمران نیازی اپنا ذریعہ آمدن بتائیں،بنی گالا محل بے ایمانی اور خوردبرد کا ثبوت ہے ۔نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ عمران خان کو منہ کے جلاب لگ گئے ہیں ،سندھ میں جتنے اسپتال پیپلز پارٹی نے بنائے کسی صوبے میں نہیں بنے،جعلی خان کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا‘عمران خان جھوٹ اور مکاری کا دوسرا نام بن چکا ہے۔سینیٹر روبینہ خالد کہتی ہیں عمران نیازی جھوٹ،غلط بیانی اور جعلسازی کے ماہرہیں‘پختون عوام کا پیسہ جعلی خان کے پاس جا رہاہے ۔پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان چوہدری منظور احمد کاکہنا ہے کہ عمران خان کی تقریر ناکام حسرتوں کا نوحہ تھی۔ سندھ دھرتی کے مہذب لوگ گالم گلو خان کو کئی بار رد کرچکے ہیں‘لٹیروں کا ساتھ لے کر ان کے جہازوں پر اڑنے والا صرف عوام کو دھوکا دے سکتا ہے۔ آصف علی زرداری نے ہر الزام کا سامنا کیا جبکہ جعلی خان ہر عدالت سے بھاگا ہے۔جو شخص مہذب گفتگو نہیں کرسکتا اس سے ملک کیا چلے گا۔ٹیکنیکل کرپشن کے ماہر عمران خان کے ساتھ نواز شریف سے بھی بڑی ٹیم ہے۔ ٹنڈوباگوسے نامہ نگارکے مطابق سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ عمران کی سیاست گالم گلوچ کی سیاست ہے‘کپتان پاکستان کے کرپٹ ترین لوگوں کے ساتھ مل کر نیا پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں لیکن اب عمران خان نیا پاکستان بنانے کے ساتھ ساتھ نئی پی ٹی آئی بنائیں‘ان کا کہنا تھاکہ عمران خان سیہون شریف میں چڑیا کے گھونسلے جتنی جلسی کر کے سندھ فتح نہیں کر سکتے‘گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ایسا خواب ہے جو کبھی کبھار دیکھا جاسکتا ہے۔ادھر بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجازدرانی نے کہاہے کہ عمران نیازی کا سیہون میں جلسہ اور تقریر خود ان کے لئے لمحہ فکریہ ہے‘عمران خان نے بھٹو خاندان پر الزام تراشی کر کے آسمان پر تھوک کر خود اپنا منہ خراب کیا ہے‘عمران خان کو خاندانی تربیت نصیب نہیں ہوئی‘وہ ایمپائر کی انگلی کےانتظار میں آنکھوں کی بینائی کے ساتھ ساتھ اپنا ذہنی توازن بھی کھو بیٹھے ہیں‘نواز شریف کی تربیت ڈکٹیٹر ضیاءالحق نے کی اور عمران نیازی کی سیاسی تربیت ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے کی۔ڈکٹیٹروں کے دونوں لاڈلوں نے عوام سے اپنے گھناؤنے کردار کی معافی مانگی لیکن آج بھی وہ ضیاء اور مشرف کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔عمران نیازی جیسے بوڑھے انگریز کو کبھی بھی عزت راس نہیں آتی۔جو شخص اپنے گھر میں تبدیلی نہیں لا سکا وہ ملک میں تبدیلی لانے کا جھوٹا دعوی کررہا ہے۔عمران نیازی بھی سندھ کی دھرتی پر علیحدگی پسندوں اور کرپٹ ٹھیکیداروں کے ساتھ مل کر بھٹو خاندان کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں جو اس صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے‘ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی پہلے طالبان کے سیاسی ترجمان تھے اور اب وہ لیاری گینگ وار کی ترجمانی کررہے ہیں۔
تازہ ترین