• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے خلاف خلیجی اتحاد، امریکی کوششیں تیز،امریکی وزیرخارجہ کی عراقی اور سعودی حکمرانوں سے مشترکہ ملاقات

Todays Print

ریاض /دوحا/ کراچی (نیوز ایجنسیز / نیوز ڈیسک) امریکا نے ایران کیخلاف خلیجی اتحاد کی اپنی کوششیں تیز کردی ہیں اور امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے سعودی عرب میں سعودی عرب ‘ عراق مشترکہ رابطہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اور سعودی بادشاہ سلمان اور عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے ʼاچھے امکانات موجود ہیں، دونوں ممالک اپنے تعلقات بہتر کریں تاکہ خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے فوجی اثر و رسوخ کا تدارک کیا جاسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایرانی ملیشیا گروہ عراق سے نکل جائیں، عنقریب عراق میں داعش کا خاتمہ ہوگا۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے کہا کہ عراق کو تعاون کا یقین دلاتے ہیں جبکہ حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ ماضی پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں ، خطہ مزید تقسیم کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن قطر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کی اور انسداد دہشت گردی اور عرب ممالک کے ساتھ سفارتی بحران پر گفتگو کی۔

دوحہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریکس ٹلرسن نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک قطر سے بات چیت کیلئے تیار نہیں ، ہم ان لوگوں کو مذاکرات پر مجبور نہیں کرسکتے جو بات چیت کیلئے تیارنہ ہوں ، ہمیں واضح اشارے دیئے گئے ہیں کہ پارٹیز آپس میں بات چیت کیلئے تیار نہیں ، ہم کسی پر بھی کسی حل کیلئے دباؤ نہیں ڈال سکتے اور نہ ڈالیں گے ۔ علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ایک روزہ دورے پر کل (منگل 24؍ اکتوبر کو) پاکستان پہنچیں گے اور عسکریت پسندوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کیلئے دباؤ ڈالیں گے جبکہ پاکستان نے ’نوڈومور‘ کا دوٹوک پیغام دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایران کیخلاف خلیجی اتحاد کی اپنی کوششیں تیز کردی ہیں اور امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے سعودی عرب میں عراق مشترکہ رابطہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اور سعودی بادشاہ سلمان اور عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کے ʼاچھے امکانات موجود ہیں، دونوں ممالک اپنے تعلقات بہتر کریں تاکہ خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے فوجی اثر و رسوخ کا تدارک کیا جاسکے۔

سعودی عراقی مشترکہ رابطہ کونسل کے اجلاس میں دونوں ممالک نے ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا اور تعاون پر اتفاق کیا ۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا کہ ʼہمیں اپنے خطے میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور ملکوں کو عدم استحکام کرنے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لیے ہماری بھرپور توجہ کی ضرورت ہے اور ہم عراق کو اتحاد و اتفاق کیلئے تعاون کا یقین دلاتے ہیں جبکہ عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی کا کہنا تھا کہ ʼہم پرعزم ہیں اور ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور خطہ مزید کسی قسم کی تقسیم کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے جبکہ ریاست کے اندرونی معاملات پر مداخلت کو روکنا چاہیے۔

اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے اجلاس میں شامل رہنماؤں کو تعلقات کی اہمیت کو نمایاں کرتے ہوئے دونوں ممالک کو آپس میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ʼدونوں ممالک نے ہماری امیدوں کے مطابق رابطوں کا عملی طور پر آغاز کردیا ہے اور امید ہے کہ موجودہ مسائل کے حل کے لیے تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ʼسعودی عرب اور عراق کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات ہماری سیکورٹی کو بہتر کرنے، استحکام اور وسیع مفاد کے حصول کے لیے اہم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ʼان اقدامات پر خوش ہے اور آپ پر زور دیتا ہے کہ خطے کے استحکام کے لیے تعلقات کو وسیع کریں اور امریکا تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریکس ٹلرسن نے مطالبہ کیا کہ ایرانی ملیشیا گروہ عراق سے نکل جائیں، داعش کے خلاف جنگ اب ختم ہونے کو ہے اس لیے ایرانی جنگجو گروہوں کا اب عراق رہنے کا کوئی جواز نہیں ۔

علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ایک روزہ دورے پر کل (منگل 24؍ اکتوبر کو) پاکستان پہنچیں گے ، موجودہ صورتحال کے پیش نظرریکس ٹلرسن کا یہ دورہ غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہےکیونکہ پاکستانی وزیراعظم اور اپنے ہم منصب کے علاوہ عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریکس ٹلرسن بھارت کے حوالے سے امریکی پالیسی پر پاکستان کے خدشات کو دور کرنے کے علاوہ عسکریت پسندوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کیلئے پاکستانی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے ۔

تاہم دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کیلئے حکومت نے حکمت عملی تیار کرلی ہے پاکستان نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کے دورے کے دوران نو ڈو مور کا دوٹوک پیغام دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تازہ ترین