• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں صاحب کی ترقی دھوکا، عمران خان کی تبدیلی جھوٹ ہے، دونوں نے سیاست کا جنازہ نکال دیا، بلاول

Todays Print

پشاور(نمائندہ جنگ)پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان نے سیاست اور اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے، میاں صاحب کی ترقی دھوکا اور کپتان کی تبدیلی جھوٹ ہے ،خوشحال عوام نہیں شریف خاندان اور ان کے حواری ہوئے ہیں‘نوازشریف نااہل ہونے تک کرسی سے چمٹے رہے ‘نااہل وفاقی حکومت ترقی کا پروپیگنڈہ کررہی ہے ‘ عمران خان ہر ہتھکنڈااستعمال کرکے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، ان کی آنکھوں کی بینائی اس انتظار میں کم ہوگئی ہے کہ کب امپائر کی انگلی اٹھے گی اور وہ ناچنا شروع کریں گے؟ عمران خان جیسا جھوٹا اور مکارشخص نہیں دیکھا ، سیاست میں اس نے جو گند پھیلایا اس کی مثال نہیں ملتی، تحریک انصاف کا کوئی نظریہ اور پروگرام نہیں بلکہ اس کا ہدف ملک میں انتشار پھیلانا ہے، عمران خان دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگا کر خود کو فرشتہ ظاہر کرتے ہیں حالانکہ ان کی سرپرستی میں خیبر پختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے4ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں ذنگلی پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ بلاول بھٹونے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پختونوں کا ساتھ دیا انہیں شناحت دی چنانچہ قوم پرست جماعتیں جو وفاق سے ناراض تھیں آج فیڈریشن کی سیاست کررہی ہیں یہ سب پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے‘26 اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں پشاور کے عوام نے جھوٹ ، فریب، گالم گلوچ اور کرپشن کے حامل سیاستدانوں کو شکست دینی ہے، چار سالوں میں لیگ ن اور تحریک انصاف ملک اور صوبہ کو کس نہج پر لے آئی ہے‘انہیں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں بلکہ ان کی سیاست کا محور ذاتی مفادات ہیں‘عمران خان ہر قیمت پراقتدار تک پہنچنا چاہتے ہیں وہ ہر ہتھکنڈا استعمال کرنے کیلئے تیار ہیں جس سے وہ بنی گالہ سے وزیر اعظم ہاؤس پہنچ سکے ‘مسلم لیگ ن کی نااہل حکومت نام نہاد ترقی کے پروپگنڈے کیلئے پیسہ پانی کی طرح بہا رہی ہے ، کوئی ایک طبقہ ایسا نہیں جو حکومت کی پالیسی سے خوش ہو‘یہاں دکاندار سے لیکر تاجر، کسان سے کاشت کار اور ملازم سے پنشنر تک تمام رو رہے ہیں‘ترقی ملک نہیں بلکہ میاں صاحب کے اثاثوں میں آئی ہے، خوشحال عوام نہیں بلکہ شریف خاندان اور ان کے حواری ہوئے ہیں‘کیا ایسا شحص ملک کا سربراہ بن کر عظیم قوم کی رہنمائی کرسکتا ہے جس کو اپنی زبان پر کنٹرول نہیں‘ہم نے کب کہا ہے کہ عمران خان کو یہودی لابی فنڈنگ کررہی ہے یہ تو تحریک انصاف کے اپنے رہنما کہہ رہے ہیں کہ تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے تحریک انصاف خود تبدیل ہوگئی ہے کیونکہ جن لوگوں کو عمران خان کرپٹ کہتے تھے آج ان کے دائیں بائیں کھڑے رہتے ہیں۔

تازہ ترین