• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم احتساب چاہتی ہے، نواز کی وکٹ گرگئی اب زرداری کی باری ہے، عمران خان

Todays Print

سیہون شریف(ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم احتساب چاہتی ہے ‘کرپشن اور زرداری ایک ہی نام ہے ،ہمیں ملکر اس کرپٹ مافیا کا مقابلہ کرنا ہو گا‘ نوازشریف کی وکٹ گر گئی ‘ ا ب آصف زرداری کی باری ہے ، روٹی، کپڑااورمکان کا نعرہ لگاکرہمیں دھوکا دیا گیا ‘ نوازشریف نے اپنے بچوں کوایشین ٹائیگربنادیا جبکہ ملک کوکنگال کردیا ‘عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ عام اورحدیبیہ کیس کو کھولا جائے ‘ نواز شریف کے بعد جلد اور بھی کئی لوگ کہیں گے کہ ہمیں کیوں نکالا؟ نواز کے بعد شہباز کو نہیں آنے دیں گے۔

اتوارکو سیہون میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ 2008 میں جب مشرف کا دورختم ہوا تو ہر پاکستانی پر35ہزار روپے قرضہ تھا لیکن 9 سال میں نواز شریف اور زرداری نے ملک کو مقروض کیا، آج پر ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20ہزار کا قرضہ ہے‘ہم نےایف بی آر اور نیب کو جس دن ٹھیک کر لیا ملک چلانے کے لیے ہمارے پاس پیسہ ہوگا‘کرپٹ کہنے پر زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے مجھ پر ایک ایک ارب روپے ہرجانے کا دعوی کیا ہے۔عمران خان نےعزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عزیر بلوچ نے خود کہا کہ زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا، کراچی میں بلاول ہاوس کے اطراف لوگوں کو ڈرا کر زرداری کے لیے سستے داموں زمینیں خریدیں اور ہر ماہ ایک کروڑ روپے بھتہ فریال تالپور کو دیتا تھا،نوازشریف کی طرح زرداری بھی لوگوں کوخریدرہے ہیں، نہ بکنے والے لوگوں کو وہ قتل کرا دیتے ہیں‘مرتضی بھٹو کے اہل خانہ برملا کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری ہی نے انہیں قتل کرایا تھا۔

عزیر بلوچ نے خود تسلیم کیا کہ اس نے زرداری کوسستی قیمت پرشوگرملیں دلوائیں اور 14شوگرملوں پرمظفرٹپی کیساتھ مل کرقبضہ کیا‘ہمارے پاس زرداری کی چوری ، ڈاکے اورقتل کرانےکی پوری کتاب ہے‘ بہت جلد سندھ سے جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کردیں گے ‘سندھ کے لوگوں سے میرا وعدہ ہے کہ کمزورکو طاقتورکے برابرکھڑاکریں گے‘سندھ پولیس کو بھی ٹھیک کرکے دکھا ئیں گے‘ خیبر پختونخوا میں کسی سیاسی مخالف پر ایف آئی آر درج نہیں لیکن پنجاب نے مجھے اشتہاری بنوایا ہوا ہے اور سندھ میں بھی ہمارے لوگوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج ہیں ‘بلاول بھٹو زرداری نے کے پی میں جلسہ کیا مگر ہمیں سندھ میں جلسہ کرنے سے روکا جاتا ہے‘آج نوازشریف کی جگہ شہبازشریف کو لانے کی باتیں ہورہی ہیں لیکن ان کا نام بھی حدیبیہ پیپرملز کیس میں شامل ہے اور سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کا حکم دیا تھا جو اب تک نہیں کھولا گیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کیس کھولا جائے اور اب کسی بھی کرپٹ سیاستدان کو این آر او دینے کے لیے تیار نہیں کیوں کہ اس نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا جب کہ اب قوم احتساب چاہتی ہے چاہے وہ زرداری ہو یا شہباز شریف، سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

پنجاب کے اسپتالوں میں جگہ نہیں،مائیں سڑکوں پر بچے جنم دے ر ہی ہیں۔ پاکستان میں ایک دن کی کرپشن 12ارب روپے ہے‘عمران خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول!آپکے لوگوں نے ہمیں سیہون میں جلسے کی اجازت نہیں دی جبکہ ہم نے پیپلزپارٹی کوخیبرپختونخوامیں جلسہ کرنے سے کبھی نہیں روکا۔بلاول کو کس چیز کا ڈرہے‘ اگر آپ اسٹیڈیم بھر نہیں سکتے تو آپ کے لئے بندے بھی ہم بھیج دیں گے۔اسلام آباد سے نمائندہ جنگ کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ سیہون میں کامیاب جلسہ سے ثابت ہو گیا ہے کہ سندھ تبدیلی کےلئے تیار ہے۔عوام نے رکاوٹیں عبور کر کے جلسہ میں شرکت کی۔

اگر انتخابات منصفانہ ہوئے تو تحریک انصاف آئندہ سندھ میں بھی حکومت بنا لے گی۔ سیہون میں جلسہ کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ سیہون میں جلسہ کی اجازت نہ دینے پر زرداری اور ان کے ساتھیوں کا جبر واضح ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری تحریک انصاف سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ ہم پر لال شہباز قلندر کے مزار کے دروازے بھی بند کر دئیے گئے۔ 

تازہ ترین