• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ، نواز شریف کی جماعتی سربراہی سے نااہلی برقرار رکھنے کی ترمیم آج پیش ہوگی

Todays Print

اسلام آباد( طاہر خلیل) سینٹ کا اہم اجلاس آج شروع ہوگا، جس میں مشترکہ اپوزیشن کی طرف سے حال ہی میں منظور ہونےوالے الیکشن ایکٹ 2017میں ترمیم پیش کی جائے گی جس کے ذریعے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جماعتی سربراہی سے نااہلی کو برقرار رکھا جائے گا۔ الیکشن ایکٹ2017میں پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کی آرٹیکل 203 میں ترمیم کی منظوری دی گئی تھی جس کے ذریعے عدالت سے نااہل شخص کے پارٹی سربراہ بننے کی پابندی ختم کردی گئی تھی اس ترمیم کی منظوری کے بعد میاں نواز شریف دوبارہ مسلم لیگ(ن) کے سربراہ بن گئے تھے۔ اب سینٹ میں جہاں حزب اختلاف اکثریت میں ہے۔

الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم پیش ہوگی یہ ترمیم پاکستان پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی، مسلم لیگ(ق) ،تحریک انصاف کے سینیٹرز کی طرف سے پیش ہوگی۔ ان میں سینیٹرز شبلی فراز، تاج حیدر ،سراج الحق، کامل علی آغا، محمد اعظم خان سواتی، سلیم مانڈوی والا، محسن عزیز،مختیار احمد دھامرا، عاجز نعمان، وزیر خٹک، لیاقت خان ترہ کئی، بریگیڈئر(ر) جان ولیم اور ثمینہ سعید شامل ہیں۔قانون میں ترمیم کی اس تحریک کو سینٹ ایجنڈے میں شامل کردیا گیا ہے۔ سینٹ نے گزشتہ اجلاس میں ایک قرا ر داد کی بھی منظوری دی تھی جس میں نااہل شخص کے پارٹی سربراہ بننے پر تنقید کی گئی تھی، پیپلز پارٹی نے اپنے تمام ارکان کو آج کے اجلاس میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

قواعد کےتحت معمول کی قانون سازی کےلئے حاضر ارکان کی سادہ اکثریت کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔ سینٹ کے مجموعی 104 ارکان کی سادہ اکثریت 53 ارکان پر مشتمل ہوتی ہے جبکہ سینٹ میں حزب اختلاف کے ارکان کی تعداد 61 ہے۔ اس لئے متعلقہ قانون سازی کا ہدف حاصل کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی تاہم قومی اسمبلی سے اس ترمیم کو منظور کرانا اپوزیشن کے لئے مشکل مرحلہ ہوگا۔

ذیل میں سینٹ کی تازہ ترین پارٹی پوزیشن دی جارہی ہے جس سے صورتحال واضح ہوجاتی ہے پاکستان پیپلز پارٹی27، پاکستان مسلم لیگ(ن)26، متحدہ قومی موومنٹ8، پاکستان تحریک انصاف7، عوامی نیشنل پارٹی6، جے یو آئی(ف)5، پاکستان مسلم لیگ(ق)4، نیشنل پارٹی3، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی3، بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل)1،بلوچستان نیشنل پارٹی( عوامی)2، پاکستان مسلم لیگ(ف)1، جماعت اسلامی1 اور آزاد10۔

تازہ ترین