• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھرپارکر، غذائی قلت و بیماریوں کے باعث مزید 3بچے جاں بحق

Todays Print

اسلام کوٹ (رپورٹ :عبدالغنی بجیر)تھرپارکر میں غذائی قلت اور بیماریوں کے باعث مزید 3بچے جاں بحق ہو گئے،سیشن جج مٹھی نے بچوں کی اموات کا نوٹس لے لیا، انہوں نے اسپتال کا دورہ بھی کیا اور ایم ایس اسپتال کو تبدیل کرتے ہوئے انہیںکراچی رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مٹھی سول اسپتال میں غذائی قلت کے باعث بیماریوں میں مبتلا بھی مزید تین بچے گزشتہ روز دم توڑ گئے ہیں۔سول اسپتال مٹھی میں جاں بحق ہونے والے بچوں میں 15دن کی ہاشم کی بچی،11 دن کی عبدالغنی کی بچی اور16دن کا اصغر شامل ہیں۔ جبکہ ضلع بھر کے اسپتالوں میں 30 سے زائد بچے زیر علاج ہیں۔ مٹھی اسپتال میں بچوں کی ہونے والی اموات پر سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے سول سرجن مٹھی اقبال بھرگڑی کو چارج چھوڑ کر کراچی سیکرٹریٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

سیشن جج مٹھی جمشید اعوان دستی نے بھی بچوں کی اموات کا نوٹس لے لیا ہے۔ اس ضمن میں دو سول ججز عبدالقادر کھوسو اور سجاد چانڈیو نے مٹھی سول اسپتال کا دورہ کیا اور تفصیلات لیں۔قبل ازیں پیپلز پارٹی کے پی ایم پی اے مہیش کمار ملانی نے اسپتال کا دورہ کیا اور عملے کو زیر علاج مریضوں کی بہتر علاج کی ہدایت کی۔ دریں اثناء تھرپارکر کی ساتوں تحصیلوں کے شہروں اور دیہاتوں میں قائم رورل ہیلتھ سینٹرز،بنیادی صحت مراکز، ڈسپینسریز میں تاحال ادویات کی قلت ہے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز کے بڑے پیمانے پر نجی میڈیکل سینٹرز ہونے کی وجہ سے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں پر توجہ نہیں دیتے۔

تازہ ترین