• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری، درخواست کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی

Todays Print

اسلام آباد (خبر نگار) الیکشن کمیشن کی جانب سے توہین عدالت کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجراءکے خلاف درخواست کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں عدالت عالیہ کا تین رکنی لارجر بنچ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرے گا۔ قبل ازیں عمران خان کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست جسٹس عامر فاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے روبرو سماعت کے لئے مقرر کی گئی تھی ، فاضل جسٹس نے مذکورہ درخواست الیکشن کمیشن کے خلاف عمران خان کی درخواستوں کی سماعت کے لئے پہلے سے قائم تین رکنی لارجر بنچ میں مقرر کرنے کے لئے معاملہ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس کو بھجوا دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ الیکشن کمیشن نے 12 اکتوبر کو وارنٹ گرفتاری جاری کئے جو غیر آئینی ہیں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے 12 اکتوبر کے احکامات میں عمران خان کو 26 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

تازہ ترین