• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام اہم مصنوعات پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لی جائے،مفسرعطا ملک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مفسر عطا ملک نے 731 اشیاء کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائدکئے جانے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام اہم مصنوعات بشمول صنعتوں میں خام مال کے طور پر استعمال ہونے والی آئٹمزپرعائد کی گئی آر ڈی کو فوری واپس لیا جائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اگرچہ یہ اقدام گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کو بچانے کے لئے اُٹھایا گیا ہے لیکن اس اقدام کے نتیجے میں صنعتوں کی مجموعی کارکردگی اورمعیشت پر برے اثرات مرتب ہونگے کیونکہ اس اقدام سے مہنگائی تو بڑھے گی ہی ساتھ ہی اسمگلنگ کو بھی فروغ حاصل ہو گا اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی مصنوعات کی لاگت میں اضافہ ہوگا۔ اسمگلنگ ، انڈر انوائسنگ اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال کی وجہ سے ٹیکس ریونیو کی مد میں ایف بی آر کو میں خطیر نقصانات ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ عام آدمی کے روز مرہ استعمال میں آنے والی اشیاء اور مقامی صنعتوں بشمول ایف ایم سی جی اور برآمدی آئٹمز کی تیاری میں بطور خام مال استعمال ہونے والی اہم مصنوعات پر 10سے 50فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عا ئد کردی گئی ہے جس سے یہ واضح ہے کہ مقامی مارکیٹوں میں سپلائی کی جانے والی اہم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہو نے کے ساتھ ساتھ اضا فی لاگت کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات مقابلے کی سکت کھو دیں گی ۔وزارت خزانہ، وزارت تجارت اور ایف بی آر نے سارا بوجھ آر ڈی کی صورت میں عام آدمی، چھوٹی صنعتوں اور تاجروں پر ڈال دیا۔
تازہ ترین