• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معذور افراد کو ملازمتیں نہ دینے کے خلاف درخواستوں پر چیف سیکرٹری کو نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صادق حسین بھٹی کی عدالت میں معذور افراد کی درخواستوں پر عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ کو نوٹس جاری کردیا،جسٹس ہیلپ لائن کے سرپرست اتم پرکاش اور صدر ایڈووکیٹ ندیم شیخ نے معذوروں کی درخواست دائر کی جس کی سماعت جسٹس صادق حسین بھٹی نے کی،عدالت میں اتم پرکاش نے کہا کہ بجٹ میں معذور افراد کے لئے 5 فیصد کوٹہ مختص ہونے کے باوجود معذوروں کو اپنے حق کے لئے عدالت آنا پڑرہا ہے،معذور افراد کو ملازمت دینا تو دور کئی مہینوں سے اپنے گھر کو دیکھنا بھی نصیب نہیں ہوا،اپنی ملازمت کے لئے یہ لوگ دن رات سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں،کبھی پریس کلب تو کبھی سندھ اسمبلی ،عدالت میں کہا کہ معذور افراد کو سندھ اسمبلی کے باہر سے بھگایا گیا تو وہ پریس کلب بیٹھ گئے،وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر حکمران نے یقین دہانی کے باوجود کچھ نہیں کیا،معذور افراد کو میرٹ پر بھی ملازمتیں دی جائیں تو پھر بھی کوٹہ بچ جائیگا،معذور افراد کو حق صرف عدالتیں ہی دلا سکتی ہیں،حکمران ایوان میں بیٹھے سو رہے ہیں،جسٹس صادق حسین بھٹی نے درخواست گزاروں سے استفسار کیا کہ آپ لوگ اتنے عرصے بعد کیوں آئے؟ پہلے ہی عدالت سے رجوع کرلیتے،معذور افراد کا کہنا تھا کہ ہم لوگ پائوں سے معذور ہیں مگر تعلیم یافتہ ضرور ہیں،عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن سے جواب طلب کرلیا،عدالت کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری سندھ بتائیں کہ یہ معذوروں کا کوٹہ آخر جاتا کہاں ہے،عدالت نے وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت آٹھ نومبر تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین