• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی کرکٹ شہریوں کا حق، بھرپور سیکورٹی دینگے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کا حق ہے کہ عالمی کرکٹ دیکھیں، شہر پرامن ہے، شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے دہشت گروں کو مار بھگایا ہے۔ کرکٹ ٹیموں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل، ہوٹل سے اسٹیڈیم تک علیحدہ راستہ فراہم کریں گے۔ اسٹیڈیم میں ہم خود آپ کے ساتھ موجودہوں گے۔ یہ بات انہوں نےو زیراعلیٰ ہاؤس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سیکورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکاسن سے ملاقات دوران کہی۔ ملاقات میں ڈی جی رینجرز محمد سعید، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل سیکریٹری عبدالرحیم شیخ کے علاوہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے جنرل منیجر ارشد خان اور کرنل اعظم بھی موجود تھے۔ ریگ ڈکاسن نے وزیراعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد کہا کہ عالمی کرکٹ کونسل کو کراچی میں میچز کرانے کی منظوری دیں گے۔ علاوہ ازیں ریگ ڈکاسن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے ملاقات کی ۔ اس دوران پاکستان سپر لیگ میچز کے دوران سیکورٹی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی سندھ نے انہیں پلان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پر پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے مشترکہ حکمت عملی اور مربوط روابط کے تحت عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنائیں گے۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے انہیں بریفنگ دی۔ریگ ڈیکاسن نے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی پلان کو انتہائی جامع اور غیرمعمولی قرار دیا۔ بعدازاں انہوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا ۔ اجلاس میں کراچی، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ،ایسٹ اور ساؤتھ کے ڈی آئی جیز،اے آئی جی آپریشنز سندھ کے علاوہ آرمی،رینجرز،ایم آئی، آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین