• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پولیس نے موثر اور مر بوط سیکیورٹی پلان دیا ہے،رگ ڈکاسن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے کام کرنے والی غیر ملکی سیکیورٹی کمپنی کے سربراہ رگ ڈکاسن کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس نے موثر اور مر بوط سیکیورٹی پلان دیا ہے۔ وہ پیر کی شام مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس بات چیت میں انہوں نے تحریری بیان پڑھا اور میڈیا کو سوالا ت کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ رگ ڈکاسن نے کہا کہ میں اور میری کمپنی پی سی بی کےساتھ سیکیورٹی کنسلٹنٹ کے طور پر کام کررہی ہے۔ کراچی میں میری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے اچھی بات چیت ہوئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں میچوں کے حوالے سے ان سے مفید بات چیت ہوئی ہے۔ کراچی میں سیکیورٹی حکام نے مجھے اپنے پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور میں نے بھی انہیں کچھ مشورے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور آئی جی کے ساتھ سیکیورٹی حکام نے اچھی اور پر وفیشنل بریفنگ دی۔ حکام کراچی میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کے لئے پرعزم ہیں۔ قبل ازیں رگ نے پر کی صبح کراچی نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے ساتھ پی ایس ایل کے میچوں کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ پی سی بی کے ڈائر یکٹر سیکیورٹی کرنل اعظم بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ پولیس کی بھاری نفری نیشنل اسٹیڈیم میں تعینات تھی۔ انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کے میدان سمیت مرکزی بلڈنگ اور ڈریسنگ رومز کا بھی دورہ کیا۔ واضح رہے کہ چیرمین پی سی بی نے اس بار پاکستان سپر لیگ کےچار میچ کراچی میں کرانے کا اعلان کر چکے ہیں۔
تازہ ترین