• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلمانوں کی میتیں پورے ہفتے رجسٹریشن کرانے کا فیصلہ دانشمندانہ ہے

لوٹن (پ ر) کونسلر ریاض بٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوٹن میں مسلمانوں کی میتوں کو ہفتے کے ساتوں دن رجسٹریشن کرانے کا فیصلہ کرکے لوٹن بارو کونسل نے نہایت دانشمندی کا ثبوت دیا ہے جس کے لئے لیڈر آف کونسل کونسلر ہیزل سیمنز اور ڈائریکٹر سروسز سارہ ہنٹ اور لوٹن بارو کونسل کے تمام کونسلرز مبارک باد کے مستحق ہیں، جب مسلمانوں کی طرف سے یہ مطالبہ لیڈر آف دی کونسل کو پہنچایا گیا تو علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نےذاتی طورپر دلچسپی لیتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر ایک خصوصی اجلاس کیا۔ جس میں کونسلر ریاض بٹ، کونسلر محمود حسین، کونسلر نسیم ایوب، کونسلر محمد فاروق، کونسلر طاہر ملک موجود تھے جب کہ اس سے قبل اجلاس میں کونسلر یٰسین وحید بھی موجود تھیں۔ ان دونوں اجلاسوں کو میئر لوٹن کونسلر ایوب چوہدری اور کونسلر راجہ وحید اکبر کی تائید و حمایت حاصل تھی۔ اجلاس میں لیڈر آف دی کونسل نے تمام مطالبات کو پوری توجہ سے سنا جس میں مسلمانوں کی میتوں کی ویک اینڈ اور ہالیڈیز میں رجسٹریشن اور مسلمانوں کی میتوں کی ویک اینڈ پر تدفین اور قرآن پاک کے بوسیدہ اوراق کو دفنانا شامل تھے۔ انہوں نے مسلمانو ںکی میتوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ دفاتر کو ہدایات جاری کی کہ آج کے بعد مسلمانوں کو میتوں کی رجسٹریشن کرانے کی سہولت میسر ہوگی۔ اس خبر کو جب سوشل میڈیا کے ذریعے نشر کیا گیا تو لوٹن اور گرد نواح کے مسلمانوں نے مسرت کا اظہار کیا۔ اس معاملے میں لارڈ قربان حسین، سابق کونسلر بشیر چوہدری، سابق میئر عابد حسین، کونسلر آصف، کونسلر یٰسین کی جو کنٹریبیوشن ہے اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ میں نے2015ء میں اخبار جنگ میں چھپنے والے اپنے کالم میں تدفین اور مسائل میں ان تمام حضرات کا ذکر کیا تھا۔ اسی طرح کونسلر محمود حسین ملک، کونسلر اشرف چوہدری، کونسلر راجہ سلیم، کونسلر محمد فاروق کی خدمات بھی قابل ستائش ہیں جب کہ مولانا چشتی شروع دن سے ان معاملات کو دیکھ رہے ہیں2003-4میں ایک پٹیشن کے ذریعہ جو اس وقت کی ایم پی مارگریٹ کے ذریعے اس وقت کے ہوم سیکرٹری ڈیوڈ بلنکٹ کو پیش کی گئی تھی یہ سارے معاملات عرصہ14سال پر محیط ہیں۔ اس حوالے سے اخبار جنگ اور دیگر میڈیا کا بھی ایک اہم کردار ہے جس نے ہماری آواز متعلقہ محکموں تک پہنچائی۔ آج بھی ہم اخبار جنگ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ اتنا بڑا مسئلہ مستقل بنیادوں پر عوامی اتحاد اور مسلمانوں کی خواہشات اور ان کی مذہبی اور معاشرتی ضروریات کے پیش نظر حل کرلیا گیا ہے۔ اسے نہایت ہی مثبت اور اعلیٰ انداز میں پیش کرکے کمیونٹی کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی جائے۔ دریں اثنا آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے جنرل سیکرٹری اور لیبر پارٹی کے رہنما بشیر ملک نے کہا کہ لوٹن کے مسلمانوں کے لئے مسلمان میتوں کی ہفتے کے ساتوں دنوں میں رجسٹریشن کا فیصلہ پوری مسلمان کمیونٹی کی امنگوں کا ترجمان ہے جس کے لئے ہر فورم پر مسرت کا اظہار کیا گیا۔ لیڈر آف دی کونسل ہیزل سیمنز اور تمام مسلمان کونسلرز مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں مسلمانوں کا یہ دیرینہ مطالبہ تسلیم کرکے نہایت ہی دانشمندی کا ثبوت فراہم کیا ہے۔ مولانا قاضی عبدالعزیز چشتی کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے پُر اثر اور پُرامن طریقہ سے مسلمانوں کے جذبات و احساسات پر مبنی مطالبہ کونسل تک پہنچایا اور اس کی منظوری میں کردار ادا کیا۔
تازہ ترین