• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

المصطفیٰ ٹرسٹ نے روہنگیا مسلمانوں کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کردیں

لندن (پ ر) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے بنگلہ دیش میں پناہ گزین مظلوم روہنگیا مسلمانوں کی داد رسی کے لئے امدادی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد اپنی ٹیم کے ساتھ بنگلہ دیش میں کئی روز سے مقیم ہیں جہاں پر وہ بنگلہ دیش کے سرحدی علاقے کاکس بازار میں قائم کئے گئے روہنگیا مسلمان تارکین کے کیمپوں میں المصطفیٰ کے رضاکاروں کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ بنگلہ دیش سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے ہر روز روہنگیا مسلمان تارکین میں دو ہزار فوڈ بیگ تقسیم کئے جارہے ہیں اور اب تک دس ہزار فوڈ بیگز کی تقسیم کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ خوراک کی فراہمی کا یہ سلسلہ مزید کئی روز تک جاری رہے گا۔ المصطفیٰ نے روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں صاف پانی کی فراہمی اور ٹوائلٹس کی تعمیر کا منصوبہ بھی شروع کردیا ہے۔ واٹر پراجیکٹ کے تحت تیزی کے ساتھ پانی کے نلکے (ہینڈ پمپ) لگائے جارہے ہیں۔ ایک سو پانی کے ہینڈ پمپ اب تک لگائے جا چکے ہیں۔ یاد رہے کہ برطانیہ سے المصطفیٰ کی ٹیم دوسری مرتبہ بنگلہ دیش پہنچی ہے۔ اس سے پہلے المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد‘ لارڈ نذیر احمد کے ہمراہ بھی مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ کر کے خوراک اور امدادی سامان بانٹ چکے ہیں اور اب وہ دوسری مرتبہ بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ اب تک آٹھ لاکھ سے زائد لٹے پٹے مسلمان مہاجرین میانمار سے ہجرت کر کے بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں جبکہ ہر روز پچاس ہزار نئے مہاجرین کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ المصطفیٰ نئے آنے والے مہاجرین پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ روہنگیا تارکین غذائی قلت کا شکار ہیں اور تین لاکھ بچوں کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ اگر ان بچوں کو خوراک اور ادویات بروقت فراہم نہ کی گئیں تو یہ بچے موت کے منہ میں جاسکتے ہیں۔
تازہ ترین