• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان نسل کا اسلام سے رشتہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، عمران عطاری

بلیک برن (نمائندہ جنگ) برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں مسلمان کمیونٹی کو اپنے نوجوانوں اور بچوں کو اسلامی تعلیمات سے آگاہی دینا انتہائی ضروری ہے۔ آج کل اسلام کی جو منفی تصویر کشی عالم اقوام میں پیش کی جارہی ہے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری نوجوان نسل مثبت انداز سے الیکٹرونک و سوشل میڈیا کے علاوہ دیگر ذرائع سے قرآن و حدیث کی روشنی میں جس طرح زندگی گزارنے اور باہمی اتحاد و اتفاق اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا گیا ہے پھیلا سکتی ہے، یہ ہمارا دینی فریضہ ہونے کے ساتھ معاشرے کو سنوارنے کے لیے اہم ترین ذمہ داری بھی ہے، اس سلسلے میں کوئی بھی کوتاہی تباہی کا باعث ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگراں حاجی عمران عطاری نے بلیک برن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو مذہب اسلام کے ساتھ لگائو کے رشتہ کو مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے مذہبی، روحانی محفلوں کا انعقاد تواتر سے ہونا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قول و فعل، کردار، زبان کی شائستگی سے غیر مسلم کمیونٹی کو متاثر کرنا ہے۔ ہمارا مذہب بھی یہی درس دیتا ہے۔ دعوت اسلامی کا پیغام یورپ تک پہنچانے کے لیے جرمنی میں شامی مہاجرین کے لیے اسلامی ادارے کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا، تاکہ اسلام کی تعلیمات وہاں تک پہنچیں اور شامی مسلمان پناہ گزین نوجوان اسلام کے ساتھ ناتا جوڑے رکھیں برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم اور نسل کشی ناقابل برداشت ہے۔ عالم اقوام اور عالم اسلام کو مظالم بند کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور مہاجرین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔ اس سلسلے میں مسلمان کمیونٹی کو مصیبت زدہ بہن، بھائیوں، بچوں اور بزرگوں کی اخلاقی اور مالی امداد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ دکھی انسانیت کی خدمت ہی دراصل زندگی کی حقیقی خوشی اور سکون ہے۔
تازہ ترین