• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں سے مذاکرات، مودی حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے

سرینگر(ایجنسیاں، جنگ نیوز) بھارت حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیے ، بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا سیاسی حل نکالنے کیلئے کشمیر کے تمام فریقوں کے ساتھ پائیدار مذاکرات کا اعلان کردیا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ بھارتی حکومت نے جموں وکشمیر میں پائیدار مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں آئی بی کے سابق ڈائریکٹر دینیش شرما مودی حکومت کے نمائندے ہونگے ان کا عہدہ کیبنٹ سیکرٹری کے برابر ہوگا، دینیش شرما مقبوضہ جموں وکشمیر کے منتخب نمائندوں ، سیاسی جماعتوں ، مختلف تنظیموں اور عوام سے بات چیت کا آغاز کرینگے، دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہاہے کہ مذاکرات کے حوالے سے بھارتی حکمرانوں کے متضاد بیانات سامنے آتے ہیں، ایک جامع مذاکرات کی وکالت کرتا ہے تو دوسرا کہتا ہے کہ مذاکرات کی ضرورت نہیں کشمیر اٹوٹ انگ ہے، حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ہماری جدوجہد مبنی برحق جدوجہد ہے اور اس حوالے سے ہم نے لاکھوں لوگ قربان ہوتے دیکھے ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد کے بعد نوجوانوں کوانمول سرمایہ قراردیتے ہوئے واضح کردیاہے کہ صداقت پر مبنی رواں تحریک کودبانے والے ناکام ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دلدل میں پھنسانے والی نیشنل کانفرنس اور اس قبیل کے دوسرے لوگ ہیں۔ حریت کانفرنس کا اہم اجلاس چیرمین سید علی گیلانی کی صدارت میں حیدرپورہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حریت کی جن اکائیوں کے سربراہوں یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی ان میں مسلم کانفرنس، تحریک حریت، مسلم ڈیموکریٹک لیگ، تحریک مزاحمت، اسلامک پولیٹکل پارٹی، ماس مومنٹ، کشمیر فریڈم فرنٹ، کشمیر تحریکِ خواتین، پیپلز مومنٹ، انجمن شرعی شعیان، مسلم لیگ، ڈی پی ایم اور پیپلز لیگ شامل رہیں۔ شرکا اجلاس نے خواتین کی چوٹیا کاٹے جانے کے واقعات کے طول پکڑنے پر تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے سید علی گیلانی کی بروقت رہنمائی پر اطمینان کا اظہار کیا، جو پیغام کی صورت میں لوگوں کو نظم وضبط کے حوالے سے سامنے آیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پولیس اب ہلڑ بازوں کی آڑ میں تحریک پسندوں کے گھروں پر چھاپہ ماری کررہی ہے اور انہیں پرہجوم تشدد میں ملوث ہونے کا الزام دیکر گرفتار کیا جارہا ہے۔ اجلاس میںفوجی جنرل بپن راوت کے اس بیان پر بھی تبصرہ کیا گیا کہ خواتین کے بال کاٹے جانے کے واقعات کوئی چلینج نہیں، جبکہ یہ کشمیری عوام کی غیرت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان ملزمان کو پکڑناچیلنج یا ضروری نہیں تو یہ لوگ عوام کے غیرت وناموس کی محافظت کی دعوے داری پھر کیوں کررہے ہیں؟ ۔ اجلاس میں اسیران تحریک کے حوصلوں کو سلام پیش کرکے کہا گیا کہ ان قربانیوں کے بدولت ہی ہماری تحریک کو جلا ملتی ہے۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا یہ حربے ہمیں دبانے کے لیے کئے جارہے ہیں۔ اللہ کی تائید ونصرت سے ہماری تحریک نہیں دب جائے گی، کیونکہ ہماری تحریک صداقت پر مبنی ہے۔ دنیا کی تاریخ گواہ ہے، حق پر مبنی تحریکیں ناکام نہیں ہوتی، بلکہ انہیں دبانے والے ناکام ہوجاتے ہیں۔ جبکہ ہونا یہ چاہیے کہ ہم ظالم کو ظالم کہہ کر حق کا ساتھ دیں۔سید علی گیلانی نے تمام اکائیوں کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ صورتحال میں متحرک اور منظم رہ کر عوام کے ساتھ رابطہ بڑھا کر انکا حوصلہ بڑھائیں۔ انھوں نے کہا ہماری کامیابی کی ضمانت اسلامی تعلیمات پر عمل ہے۔بھارت نواز جماعتیں نوجوانوں کو مختلف جھانسوں میں مبتلا کررہی ہیں، لیکن ہمیں نوجوانوں میں اسلامی فکرونظر پیدا کرکے تحریکی تقاضوں کو پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا ہماری کامیابی کی ضمانت اسلام، آزادی اور اتحاد ملت ہے۔ اگر پوری قوم ان اہداف پر عمل پیرا ہوں تو بہت جلد ہم اپنی منزل سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔
تازہ ترین