• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی اور عراقی ملیشیا نہ ہوتی تو بغداد اور دمشق پر داعش کی حکومت ہوتی، جواد ظریف، عراق نے بھی امریکی مطالبہ مسترد کردیا

کراچی (نیوزڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے امریکی ہم منصب ریکس ٹلرسن کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ اگر ایرانی اور عراقی ملیشیا نے قربانیاں نہ دی ہوتیں توداعش بغداد اور دمشق پر حکومت کر رہی ہوتی۔ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں بھی سوال کیا کہ ’وہ کون سا ملک ہے جو داعش کی واپسی کے خلاف عراقیوں کے گھروں کی حفاظت کے لیے کھڑا ہوا؟ ʼجواد ظریف نے اسی ٹوئٹر پیغام میں امریکا کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے اسے ʼشرمناک قرار دیا جو ʼپیٹروڈالرز کے دباؤمیں آکر بنائی گئی ہے۔عراق نے بھی ایرانی ملیشیا کے انخلاء کا امریکی مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کیخلاف لڑنے والے نیم فوجی دستے عراقی شہریوں پر مشتمل ہیں۔ عراقی کابینہ نے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کے قریبی زریعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی عراق کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حشد الشعبی ملیشیا میں شامل جنگجو عراقی ہیں جو اپنے ملک کیلئے فکر مند ہیں اور انہوں نے ملکی دفاع اور اپنے لوگوں کیلئے قربیانیاں دی ہیں۔ اتوار کے روز امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا تھا کہ ایران کے وہ جنگجو جو عراق میں شدت پسند تنظیم داعش سے لڑ رہے ہیں، انہیں اب واپس چلے جانا چاہیے کیونکہ جنگ ختم ہونے کو ہے۔سعودی عرب میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا ایران کے جنگجوؤں کو عراق سے واپس چلے جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ، دوسرے غیر ملکی جنگجو بھی جو عراق میں موجود ہیں واپس جانا چاہیے، تاکہ عراقی فوج اس علاقے پر کنٹرول حاصل کرسکیں، جو داعش سے آزاد کروایا گیا ہے۔ غیر ملکی جنگجو واپس جائیں گے تو ہی عراقی وہاں رہائش پذیر ہوں گے۔‘ایک امریکی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکی وزیرِ خارجہ چاہتے ہیں کہ عراقی ملیشیا یا تو عراقی فوج میں شامل ہو جائیں یا اپنے ہتھیار ڈال دیں اور ان کے ایرانی حامی ملک سے چلے جائیں۔واضح رہے کہ داعش کی جانب سےعراق کے شمال میں بڑے علاقے پر قبضے کے بعد 2014ء میں حشد الشعبی نامی ملیشیا قائم کی گئی تھی جس میں 60ہزار جنگجو شامل تھے۔ اس اتحادی ملیشیا میں بیشتر ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا شامل تھیں جنہوں نے گزشتہ تین برس کے دوران داعش کیخلاف جنگ میں کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
تازہ ترین