• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے لوگ امریکا،بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں،جاویدہاشمی

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سابق رکن قومی اسمبلی جاویدہاشمی نے کہاہےکہ مشرف کے دور میں سب سے زیادہ لوٹ مار ہوئی، دوسرے نمبر میں بیوروکریٹس اور تیسرے نمبر میں سیاسی لوگوں نے کرپشن کی ہے ۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےجاوید ہاشمی نے کہا کہ ساری دنیا نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے سب نے بندوقیں اٹھا رکھی ہیں ، امریکہ ،بھارت اور کئی دیگر ممالک پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں، بد قسمتی سے ہمارے لوگ بھی انکے ہاتھوں کھیل رہے ہیں ۔ ہم ایک دوسرے کو گرانے کی کوشش میں ہیں ۔ سیاستدانوں نے بھی بہت سی غلطیا ں کی ہیں، نواز شریف نے بھی غلطیاں کی ہیں لیکن انکے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ درست نہیں آیا ۔ عدالتی فیصلہ انصاف پر مبنی نہیںتھا ، سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرنا میرا آئینی اور قانونی حق ہے ۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ نواز شریف کو ئی و لی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی پاک صاف ہے، مانتا ہوں نواز شریف سے بھی غلطیاں ہوئیں ہوں گی ، انکو اپنی غلطیوں کا جواب بھی دینا ہوگا ۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ جب میں نے 1977ء میں این اے 120میں الیکشن لڑا تھا اس وقت نواز شریف اور شہباز شریف کو نہیں جانتا تھا اور انکا نام بھی کسی کو معلوم نہیں تھا۔ جاوید ہاشمی نےکہا کہ عمران خان نے مجھے دوسال پہلے کہا تھا کہ اس عمر میں عقل جواب دے جاتی ہے لیکن وہ بھی مجھ سے ایک ہی سال چھوٹے ہیں اور شاید وہ اپنے بار میں بھی یہ رائے رکھتے ہوں گے ۔ عمران خان اپنے آپ کو ارسطواور سکندار اعظم سمجھتے ہیں ۔ میں کبھی بھی ذوالفقار بھٹو کیخلاف نہیں تھا لیکن بھٹو نے ملک کا آئین توڑا جو بڑی مشکل سے بنا تھا ، بھٹو نے اپنے لوگوں کو بند کیا اسلئے ان کیخلاف تھا لیکن ان کی پھانسی پر کبھی مٹھائی نہیں تقسیم کی۔ شیخ رشید میرے دربار کا درباری تھا اور مجھے یقین ہے وہ اس بات کو کبھی نہیں مسترد کرے گا۔
تازہ ترین