• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیارہویں جماعت میں داخلے نویں کی بنیاد پر دینے کی تجویز

کراچی (سید محمد عسکری) صوبائی آئی بی سی سی کے سربراہ اور میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے تجویز دی ہے کہ کراچی میں طلبہ کی بہتر تعلیم اور قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچانے کے لئے گیارہویں جماعت میں داخلے نویں کی بنیاد پر دیئے جائیں،اس اقدام سےطلبہ کو فائدہ پہنچے گا اور سرکاری کالجوں کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی ۔پیر کو وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر کو لکھے گئے خط میں ڈاکٹر سعیدالدین نے کہا ہے کہ اچھے کالج میں داخلہ لینا ہر طالب علم کی خواہش ہوتا ہے اور داخلے کا عمل لمبا اور مشکل ہوتا ہے جبکہ کئی کالجوںمیں آخر تک داخلے مکمل نہیں ہوپاتے۔ میٹرک بورڈ کراچی میٹرک کے نتائج کا اعلان جولائی کے آخری ہفتے یا اگست کے پہلے ہفتے میں کرتا ہے جس کے بعد کراچی میں مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت داخلوں کا آغاز ہوتا ہے جو ستمبر کے آخری ہفتے تک چلتا ہے اور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں کالجوںمیں انٹر سال اول کی کلاسیں شروع ہوتی ہیں۔ انٹر میں تاخیر سے داخلوں کے باعث مطالعہ کا دورانیہ کم ہوتا جاتا ہے لہٰذا انٹر سال اول کے داخلوں کے معاملے پر ازسرنو جائزہ لیا جائےا ور داخلے نویں کی بنیاد پر دیئے جائیں کیونکہ پرائیویٹ کالجز داخلوں کا آغاز میٹرک کے امتحانات ختم ہوتے ہی اپریل میں نویں کی بنیاد پر کررہے ہیں اور اچھے طالب علم سرکاری کالجوں کی بجائے پرائیویٹ کالجوںمیں داخلہ لے لیتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت طلبہ کوانٹر سال اول میں داخلے نویں کی بنیاد پر دیئے جائیں اور داخلے کا عمل مارچ کے آخری ہفتے سے شروع کردیا جائے اور اپریل سے گیارہویں کی کلاسیں شروع کردی جائیں چنانچہ موسم گرما کی تعطیلات سے قبل ہی نہ صرف داخلے مکمل ہوچکے ہوں گے بلکہ ایک ماہ سے زائد پڑھائی بھی مکمل ہوجائے گی جبکہ سندھ کے تمام بورڈ میٹرک کے امتحانات یکم مارچ سے 10؍ مارچ تک لے آئیں۔ خط کی کاپی سیکریٹری کالجز پرویز سیہڑ کو بھی بھیجی گئی ہے۔
تازہ ترین