• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں، میجر جنرل آصف غفور

Todays Print

تہران (خبرایجنسی ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں، افغانستان میں آئی ایس آئی ایس کا بڑھنا خطے کے لئے خطرناک ہے، خطے میں قیام کیلئے اس خطرے کو شکست دینے کی ضرورت ہے، مسلح افواج قوم کی حمایت سے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،جہاد کے اعلان کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے ۔

مسلح افواج ریاست مخالف عناصر کے خلاف اس کے نفاذ کے لئے ریاست کا ہتھیار ہیں، مسئلہ کشمیر کی حمایت پر ایرانی سپریم لیڈر کے شکر گزار ہیں ، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں قیام امن کا خواب ادھورا رہے گا، ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات کسی دوسرے ملک کے ساتھ تعلقات کی قیمت پر نہیں جبکہ ایرانی فوج کے ترجمان نے دورہ ایران پر پاکستان کے فوجی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے کامیاب دورہ کا اعتراف کیا اور آرمی چیف کی جانب سے دی گئی تجاویز کی حمایت کی۔ایرانی میڈیا کے مطابق منگل کوتہران میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل آصف غفور اور ایرانی فوج کے جنرل اسٹاف آفیسر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔

اس دوران میجر جنرل آصف غفور نے ایرانی فوج اور حکومت کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ کے دوران مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آرمی چیف تعاون اور دوستی کا پیغام لے کر آئے ہیں ، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک ایران سرحد کو امن اور دوستی کی سرحد قرار دیا ہے ۔ میجر جنرل آصف غفور نے ایرانی میڈیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کامیابیوں اور قربانیوں کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، ہم نے اپنی طرف سے سرحد پر سب کچھ کیا ۔ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ،پاکستان نے پاک افغان سرحد پر موثر اقدامات کیے ہیں ۔ دہشت گرد پاک ایران دوستی سرحد کو غلط استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی بڑھانا دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہے۔

تازہ ترین