• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے دہشت گردوں کا پاکستانی چوکی پر حملہ، کیپٹن سمیت 2شہید، 10 حملہ آور ہلاک

Todays Print

راولپنڈی(نمائندہ جنگ،خبر ایجنسیاں) باجوڑ ایجنسی میں پاک افغان بارڈر پر افغان صوبے کنڑ سے آئے دہشت گردوں کے گروپ نے افغانستان سے آکر پاکستانی چوکی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی راحم شہید ہوگئے جبکہ دیگر 4اہلکار زخمی ہوئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں10دہشت گرد مارے گئے جبکہ کئی زخمی ہوکر فرار ہوگئے، ادھر آئی ایس پی آر کاکہناہےکہ افغانستان میں حکومتی رٹ نہ ہونے کےباعث دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں ،پاکستان نے سرحد پرباڑ لگاکر اپنے حصے کا کام کیا ، کابل بھی سیکیورٹی میں اضافہ کرے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ نے چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سرحد کے پار سیکیورٹی نہ ہونے کی قیمت ادا کررہا ہے، سرحد کے دونوں اطراف فورسز اور شہریوں کی جانیں قیمتی ہیں،افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے کی ضرورت ہے ،افغانستان بارڈر سیکیورٹی میں اضافہ کرے، پیر کو مزید ہمارے 2جوانوں نے جام شہادت نوش کیا،پاکستان نے افغان سرحد کے قریب باڑ لگائی اور نئی پوسٹیں بنائیں، پاکستان نے اپنے حصے کا کام کیا اور تمام علاقہ کلیئر کرا لیا، پاکستان نے سرحد کیساتھ اپنی موجودگی میں اضافہ کیا ، کراسنگ پوائنٹ بنائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان کی طرف تمام فریقین کو مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ادھرعسکری ذرائع کے مطابق گزشتہ چند روز کے اندر افغان بارڈر سے آکر پاک فوج کی چوکی پرحملہ کرنے کی یہ دوسری کارروائی ہے، دہشت گرد پاک فوج کی جوابی کارروائیوں کی وجہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل نہیں کرسکے۔ پاک فوج کے افسر اور جوان پاک افغان بارڈر پر قائم چوکیوں پر الرٹ ہیں اور وہ کسی قسم کی کارروائی کو ناکام بنانےکی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، ان دونوں کارروائیوں میں دہشت گردوں کا خاصا نقصان ہوا۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحدپر غیر قانونی آمدورفت روکنے کیلئے جب سے سرحد پر باڑ لگانے کاعمل شروع کیاگیا ہے تب سے افغانستان میں موجود شدت پسندوں نے پاکستانی پوسٹوں پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے اور تقریباً 2ماہ میں 4حملے کر کے5سکیورٹی اہلکاروں کو شہید اور کئی کو زخمی کر دیاگیا۔

تازہ ترین