• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ، شریف فیملی کی ڈیفالٹر اتفاق ٹیکسٹائل نیلام کرنے کا حکم

Todays Print

لاہو(مانیٹرنگ سیل، صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بینک کی درخواست پر شریف خاندان کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 15 دسمبر کو نیلام کرنے کا حکم دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے بینک کی جانب سے شریف خاندان کی مل کی نیلامی کیلئے درخواست کی سماعت کی۔ بینک کے وکیل نے دلائل میں بتایا کہ نوازشریف کے قریبی عزیز نے 27 کنال ایک مرلے پر مشتمل مل کو رہن رکھوا کر قرضہ حاصل کیا، قرض کی عدم ادائیگی پر ٹیکسٹائل ملزکو2000ء میں ڈیفالٹر قراردیا گیا۔

بینک کے وکیل کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے کاروبار کیلئے قرض حاصل کیے، ڈیفالٹر ہارون یوسف، یوسف عزیز، کوثریوسف، سائرہ فاروق، عائشہ ہارون نے قرض کیلئے گارنٹی دی، ڈیفالٹر ٹیکسٹائل ملزکیخلاف 2016 میں 25 کروڑ 33 لاکھ 64 ہزار کی ڈگری بھی جاری کی جاچکی ہے۔بینک کے وکیل نے دلائل میں بتایا کہ عدالتی ڈگری کے بعد ٹیکسٹائل ملز مالکان نے14 کروڑ 32 لاکھ 69 ہزار ادا کیے، ڈگری کی بقایا 11 کروڑ 95 ہزار کی رقم ادا نہیں کی جارہی۔بینک کے وکیل نے استدعا کی کہ رقم کی ریکوری کیلئے ٹیکسٹائل ملز کو نیلام کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے بینک کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد شریف خاندان کی ٹیکسٹائل ملز کو 15 دسمبر کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین