• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹریکٹ کی مدت مکمل، کراچی کے سیکڑوں اسکول اساتذہ کی تنخواہیں روکدی گئیں

Todays Print

کراچی (سید محمد عسکری+ اسٹاف رپورٹر) نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے تحت ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی ہونے والے کراچی کے سیکڑوں اسکول اساتذہ کی تنخواہیں کنٹریکٹ پورا ہونے پر اے جی سندھ نے روک دی ہیں جبکہ ایچ ایس ٹی اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کے لئے خط لکھ دیا گیا ہے۔ اے جی سندھ میں تعینات اسسٹنٹ اکائونٹینٹ جنرل ایجوکیشن V عظمیٰ سلیم نے ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن سیکنڈری حامد کریم کو اس حوالے سے باقاعدہ خط بھی تحریر کر دیا ہے جس میں ایچ ایس ٹی اساتذہ کی فہرست بھیجی گئی ہے جن کے کنٹریکٹ کے بارے میں تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ان اساتذہ کی 3 سالہ مدت مکمل ہوچکی ہے۔ بیشتر کی تنخواہیں روکی جا چکی ہیں جبکہ فہرست میں بھیجے گئے اساتذہ کی دستاویزات کی جانچ کی ضرورت ہے لہٰذا متعلقہ ڈی ڈی اوز کو ہدایت کی جائے کہ کنٹریکٹ ختم ہونے والے اساتذہ کی تنخواہیں روک دیں۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ سندھ میں اسکول کی بنیاد پر این ٹی ایس کے ذریعے ہزاروں بھرتیاں کی گئی تھیں صرف کراچی میں 80 ایچ ایس ٹی، 900 جونیئر اسکول ٹیچرز اور 700 پرائمری اسکول ٹیچر بھرتی ہوئے تھے۔ افسر کے مطابق اے جی سندھ نے دہرا معیار رکھا ہے۔ کراچی میں کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے ملازمین کی تنخواہوں پر کنٹریکٹ کا کوڈ 093 لگایا گیا جبکہ اندرون سندھ دیگر اساتذہ کا کوڈ 001 لگایا گیا ہے جس کی وجہ سے صرف کراچی کے اساتذہ کی تنخواہیں کنٹریکٹ ختم ہونے کی بنیاد پر رک گئی ہیں۔

تازہ ترین