• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیاز کی برآمد پر عائدپابندی فی الفورختم کی جائے،اسلم پکھالی

کراچی (اے پی پی) آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں پیاز کی بھرپور فصل کے پیش نظر فی الفور پیاز کی برآمد پر عائد پابندی کا خاتمہ کیا جائے تاکہ بھارت کی فصل عالمی مارکیٹ میں آنے سے قبل برآمدات کے امکانات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسلم پکھالی نے اپنے ایک بیان میں وفاقی وزارت تجارت اور وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی پر زور دیا کہ پیاز کی برآمد پر عائد غیراعلانیہ پابندی ختم کرتے ہوئے فی الفور پیاز کی ایکسپورٹ کی اجازت دی جائے۔ سندھ میں پیاز کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد تک زائد اور مقامی طلب کے مقابلے میں سرپلس ہے۔ مقامی اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں کسی بھی کماڈیٹی کی قیمت طلب و رسد کے اصولوں کے مطابق مقرر ہوتی ہے ، پاکستان میں سپلائی کم ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ کا رجحان تھا۔ سندھ کی فصل مارکیٹ میں آنے سے قیمتوں میں کمی آرہی ہے اور تھوک سطح پر پیاز کی قیمت 25 سے 30 روپے فی کلو کی سطح پر آچکی ہے جس میں مزید کمی کا امکان ہے۔ اسلم پکھالی نے کہا کہ پاکستان کے پاس اضافی پیاز ایکسپورٹ کرنے کا سنہری موقع ہے اور خلیجی ریاستوں اور مشرق بعید ملکوں کے خریدار پاکستانی ایکسپورٹرز سے رابطہ کرکے پاکستان سے پیاز درآمد کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں تاہم برآمدات پر پابندی ہونے کی وجہ سے زرمبادلہ کمانے اور تجارتی توازن بہتر بنانے کا موقع ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
تازہ ترین