• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی راہداری کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کااجلاس20 نومبرکو ہوگا

اسلام آباد (اے پی پی) اقتصادی راہداری کے بارے میں مشترکہ رابطہ کمیٹی کا ساتواں دو روزہ اجلاس پیر سے اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں صنعتی تعاون کے معاملے پر غور کیاجائے گا اور ملک بھر میں اقتصادی راہداری کے راستوں کے ساتھ تعمیر کئے گئے خصوصی اقتصادی زونز کے نئے منصوبوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔ جمعہ کو سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام کے مطابق ساتواں اجلاس 20، 21 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے علاوہ ایف پی سی سی آئی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے ۔ اس اجلاس میں شاہراہ قراقرم کے باقی حصے ڈیر ہ اسماعیل خان سے ژوب اور خضدار سے بسیمہ سمیت شاہراہوں کے تین منصوبوں کے بارے میں مالیاتی معاہدوں پردستخط کئے جائیں گے۔اجلاس میں خصوصی اقتصادی زون کی نئے منصوبوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور کاروباری برادری کے نمائندوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا کیونکہ حکومت نجی شعبے اور کاروباری برادری کو سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کے مرحلے کو بہتر انداز میں اجاگر کرنا چاہتی ہے ۔
تازہ ترین