• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو موثر جواب دینے پر اظہار اطمینان،مشرقی سرحد اور کنٹرول لائن پر مستقل خطرے سے غافل نہیں رہ سکتے، آرمی چیف

Todays Print

راولپنڈی‘اسلام آباد(ایجنسیاں)بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر پاک فوج کی جانب سے موثر جوابی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی سرحد اورکنٹرول لائن پر مستقل خطرے کے پیش نظر ذمہ داریوں سے غافل نہیں رہ سکتے‘مشرقی سرحد پر خطرات کے پیش نظر جواب میں ہماری تیاریاں کم نہیں ہونی چاہئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جمعہ کے روزجنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی میں کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں کورکمانڈر جنرل ندیم رضا نے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران آرمی چیف کو ایل اوسی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اورفارمیشنز کی عملی تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ ایل او سی/ایل اے سی سمیت اپنی مشرقی سرحد پر دائمی خطرے کا موثر جواب دینے کیلئے اپنی تیاریوں سے غافل نہیں رہا جا سکتا۔دریں اثناءآئی ایس پی آرکی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ اسلام آباد میں کیپٹن جنید حفیظ شہیدکے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے شہید کیپٹن کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔آرمی چیف نے مادر وطن کی خاطر عظیم قربانی پر شہید اور ان کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں پاک فوج کے سربراہ سے افغان امورکے حوالے سے چین کے خصوصی مندوب ڈینگ شی جن نے ملاقات کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں اور پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے خصوصی مندوب برائے افغان امورڈینگ شی جن نے ملاقات کی، ملاقات میں دہشتگردی سے متعلق کوششوں ،پاک افغان سرحدی امور ،خطے کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ادھر پاکستان نے کنٹرول لائن پر چیری کوٹ اور نیزہ پیر سیکٹرز میں بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اورسیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارت سے سخت احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو جمعہ کو دفتر خارجہ طلب کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاءو سارک) نے جمعہ کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ضبط و تحمل کے مطالبہ کے باوجود بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین