• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہرقربانی دینے کو تیارہیں،نوازشریف

Todays Print

لاہور(ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہاہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ہرقربانی دینے کو تیارہیں‘سی پیک کو کسی صورت ناکام نہیں ہونے دیں گے ‘ 2013ء میں عوام کی خدمت کی اور2018ءمیں بھی انشاء اللہ خدمت کریں گے ‘ہمیشہ عوام کے وسیع ترمفادمیں فیصلے کئے ‘اللہ تعالی جلدہماری مشکلات ختم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی رہائشگاہ پر گئے اور انہیں ان کی بیٹی کی شادی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا‘ نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ ایڈن ولاز میں شریف خاندان کے پروٹوکول آفیسر علیم بٹ مرحوم کی رہائشگاہ پربھی گئے اور ان کے اہل خانہ سے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔بعد ازاں نواز شریف پارٹی کارکن اشتیاق بوبی کی رہائشگاہ پر گئے اور ان سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

سابق وزیر اعظم معروف صنعتکارفاروق خان کی رہائشگاہ ڈیفنس بھی گئے ۔ نواز شریف نے یہیں پر مقامی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی ۔ اس موقع پر نواز شریف عوام میں گھل مل گئے جنہوںنے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کے ہمراہ سیلفیان بنائیں ۔ اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کیا کریں‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کی ترقی کے لئے دن رات کوشاںہے‘ انشا اللہ پاکستان آگے سے آگے بڑھے گا ۔ٹی وی رپورٹ کے مطابق صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء سے بالکل مختلف ہے۔حکومت نے ملک سے دہشتگردی، لوڈ شیڈنگ اور افراتفری کا مکمل خاتمہ کیا ۔ کراچی اور بلوچستان میں گزشتہ چار سالوں میں مکمل امن و امان قائم کیا۔

جمہوریت کی مضبوطی کے لئے پہلے بھی کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کریں گے‘ سی پیک کا منصوبہ تیزی سے مکمل ہو رہا ہے اسے کسی صورت ناکام نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے کبھی پراپیگنڈے کی سیاست نہیں کیا، ہمیشہ فیصلے عوام کے وسیع تر مفاد میں کئے۔اللہ تعالی جلد ہماری مشکلات دور کرے گا۔

تازہ ترین