• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے شریف فیملی، ڈار، چوہدری برادرز کیخلاف اینٹی کرپشن سے مدد لے لی

Todays Print

لاہور (نمائندہ جنگ) نیب نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی فیملی کے دیگر ارکان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چوہدری برادران کے خلاف اثاثوں کی تحقیقات میں اینٹی کرپشن سے بھی مدد لے لی ہے۔نیب لاہور نے اس حوالے نیب اور اینٹی کرپشن حکام پر مشتمل مشترکہ ٹیم بھی تشکیل دیدی ہے جس نے لاہور، ساہیوال، گجرات، وزیرآباد، سرگودھا اور قصور کے مختلف علاقوں میں فارم ہائوسز، ہائوسنگ سوسائٹیوں، شوگر ملز اور زرعی اراضی کی خرید وفروخت کے بارے میں ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ شریف فیملی اور چوہدری برادران کی طرف سے نیب میں جمع کرائے گئے جوابات اوران کے اثاثوں کی ملکیت کے بارے میں دستاویزات کی تصدیق کی جارہی ہے تاکہ معلوم ہو سکے ان کی طرف سے جمع کرائے گئے جوابات اور دستاویزات میں کوئی فرق تو نہیں ہے۔

نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ نیب میں جمع کرائی گئی دستاویزات کی تصدیق کیلئے متعلقہ محکموں کوخطوط بھی لکھ دیئے گئے ہیں، جبکہ نیب اور اینٹی کرپشن کی ٹیمیں متعلقہ علاقوں میں جا کر خود بھی ان دستاویزات کی تصدیق کر رہی ہیں۔ یہ عمل مکمل کرنے کے بعد رپورٹ چیئرمین نیب کو بھجوائی جائیگی۔

تازہ ترین