• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف جیسی انتظامی صلاحیت کسی میں نہیں دیکھی، امریکی سفارتکار

Todays Print

لندن(مرتضٰی علی شاہ) لاہور میں امریکا کے سابق قونصل جنرل زکاری وی ہارکنرائیڈر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی بصیرت اور انتظامی صلاحیتیں بے مثال ہیں اور انہوں نے کبھی ایسا توانائی اور صلاحیتوں کا حامل رہنما نہیں دیکھا۔ سابق امریکی قونصل جنرل لاہور میں 2013 سے 2016 تک خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب لندن میں امریکی سفارت خانے میں سینئر سفارت کار کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ لاہور میں امریکی قونصل جنرل کے طور پر شہباز شریف کے بہت قریب رہ کر کام کر چکے ہیں اور وہ ان کی بصیرت، قائدانہ صلاحیت اور متحرک ہونے کی وجہ سے ان سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔ سابق قونصل جنرل زکاری وی ہارکنرائیڈر نے کہا کہ شہباز شریف کی شخصیت میں بصیرت بھی ہےاور اپنی بصیرت کو عملی شکل دینے کی صلاحیت بھی ہے۔

یہ نہ صرف ان کا اسٹریٹجک ویژن ہے کہ انہیں اپنے صوبے کو کہاں لے جانا ہے بلکہ اس بصیرت پر عمل کرنے کی عملی صلاحیت بھی ہے، یہ میرے لیے ترقی پزیر دنیا میں ایک مکمل طور پر منفرد تجربہ ہے۔میں نے ایسا کوئی نہیں دیکھا جس میں شہباز شریف کی طرح بصیرت اور اس پر عمل کرنے کی صلاحیت بھی ہو۔ انہوں نے کہاکہ وہ کئی درجن ممالک میں کام کر چکے ہیں لیکن جتنے بھی رہنماؤں سے ملے ہیں ان میں سے صرف شہباز شریف تھے جنہوں نے ان پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ امریکی سفارت کار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اچھے انسان ہیں اور انہوں نے پنجاب کے عوام کو عظیم قیادت فراہم کی ہے، ہم مل کر سخت محنت کر کے چیزوں کو تھوڑا بہتر کرنے کی اور پاک امریکا تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ شہباز شریف جیسے شخص کی پارٹنر شپ بہت زبردست تھی جو کام مکمل کرانے کے لئے واضح طور پر بہت موثر تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جیسے لوگوں کی حقیقی ترقی کے لئے قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

امریکی سفارت کار نے کہا کہ یہ حقیقت کہ پاکستان اور امریکا ایک دوسرے سے خوش نہیں ہیں اور ایک دوسرے سے ڈو مور کے لئے کہہ رہے ہیں، اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ دونوں کو ایک دوسرے پر انحصار کرنے کی کتنی ضرورت ہے۔

تازہ ترین