• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الحاج ڈاکٹر محمد یوسف قمر برمنگھم میں وفات پاگئے

برمنگھم(پ ر) مشہور نعت گو شاعر اور معروف منقبت ’’میں تو پنجتن کا غلام ہوں،میں غلام آل رسول ہوں‘‘ کے خالق الحاج ڈاکٹر محمد یوسف قمربرمنگھم میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 88برس تھی اور وہ گذشتہ نصف صدی سے برمنگھم میں مقیم تھے، ان کے انتقال پر برمنگھم اور برطانیہ بھر کے سماجی، سیاسی، علمی اور ادبی حلقوں نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کی دیرینہ سماجی، علمی اور دینی خدمات کو سراہا گیا۔ ڈاکٹر یوسف قمر 60سال کی دہائی میں برطانیہ آئے تھے اس سے قبل انہوں نے راولپنڈی میں بطور وکیل اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا اور برطانیہ آکر اپنی صحافتی علمی اور ادبی سرگرمیوں کے ساتھ انہوں نے امیگریشن وکیل کی حیثیت سے اپنی خدما ت شرو ع کیں۔ یوسف قمر برطانیہ سے شائع ہونے والے ایک اُردو ہفتہ روزہ کے ایڈیٹر بھی رہے جب کہ دیگر اخبارات اور جرائد میں بھی باقاعدگی سے لکھتے رہے، وہ برمنگھم کی مرکزی جامع مسجد بلگریو روڈ کے بانیوں اور ماسک ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد نسیم مرحوم کے قریبی ساتھیوں میںشامل تھے۔ انہوں نے بطور وکیل برطانیہ میں ہزاروں لوگوں کو مستقل سکونت کی اجازت لے کر دی اور 80برس کی عمر تک عوام کی خدمت میں پیش پیش رہے، وہ کافی مدت تک ایک اچھے غزل گو شاعر کی حیثیت سے متحرک رہے لیکن بعد ازاں انہوں نے نعت رسولﷺ اور منقبت سے خود کو منسوب کرلیا، ان کی لکھی ہوئی منقبت میں تو پنجتن کا غلام ہوں۔ میں غلام آل رسول ہوں کو دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی جسے صاحبزادہ منظور الکونین، فصیح الدین سہروردی اور دیگر ممتاز نعت خوانوں کے علاوہ فیض علی فیض قوال اور دیگر نے اپنے انداز میں پیش کیا اور اس منقبت نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔برمنگھم اور برطانیہ کے حلقوں میں ان کے انتقال پر دلی رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کے انتقال کو مسلم کمیونٹی کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا گیا ہے ۔ اورینٹل سٹارز کے بانی اور پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد ایوب، ان کے قریبی ساتھی اور اُردو فورم کے صدر ملک فضل حسین پاکستان فورم کے بانی چیئرمین بیرسٹر عبدالقیوم چوہدری، برمنگھم کے سینئر کونسلر اور برمنگھم سینٹرل ماسک کے چیئرمین چوہدری محمد افضل، علمی اور ادبی تنظیم ’’فانوس‘‘ کے صدر عباس ملک، برمنگھم کی جامع مسجد گھمکول شریف کے چیئرمین اور معروف سماجی، کاروباری شخصیت الحاج راجہ سلیم اختر، برمنگھم کونسل کے کونسلرز ، کاروباری، سماجی شخصیات، اساتذہ، ادبی و سماجی تنظیموں اور وکلا کی جانب سے دلی افسوس کا اظہار اور الحاج یوسف قمر کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے لواحقین کے مطابق مرحوم کی میت ’’کورونر‘‘(پوسٹ مارٹم) سے سوموار کو ملنے کی توقع ہے اگر ایسا نہ ہوسکا تو پھر مرکزی جامع مسجد میں نماز جنازہ کی تاریخ اور دن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا مرحوم نے لواحقین میں بیوہ دو صاحبزادے ایک بیٹی کے علاوہ بڑی تعداد میں عزیزوں اور رشتے داروں کو چھوڑا ہے۔
تازہ ترین