• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سے سمیع الحق کی ملاقات، مشترکہ انتخابی لائحہ عمل پر اتفاق

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)تحریک انصاف اور جمعیت علماءاسلام (س) کے مابین مشترکہ انتخابی لائحہ عمل کی تیاری پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز مولانا سمیع الحق نے عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی موجود تھے،دونوں جماعتوں کے قائدین نے مشترکہ انتخابی لائحہ عمل کی تیاری پر اتفاق کیا ،عمران خان نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے ہماری حکومت کے اقدامات کی تائید و معاونت پرمولانا سمیع الحق کے شکرگزار ہیں،اس موقع پر مولانا سمیع الحق نے کہا کہ تحریک انصاف نے جو اسلامی اقدامات کئے ہیں ہم ان کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں اور ان کی بھر پور تائید کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نواز شریف کا کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کو شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید راز فاش ہونے کے ڈر سے نہیں ہٹایا جارہا۔

اتوار کو ٹوئٹر پر ایک پیغام میں عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نواز شریف کا کٹھ پتلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم شریف مافیا کے فرنٹ مین اور قانون سے بھاگے ہوئے شخص کو عہدے سے نہیں ہٹا سکتا، کٹھ پتلی وزیر اعظم شریف مافیا کے فرنٹ مین کے سامنے بے بس ہیں،انہوں نے کہا کہ شریف مافیا کے دبا ئو کے باعث اسحاق ڈار کو عہدے سے نہیں ہٹایا جا رہا کیونکہ نواز شریف کو ڈر ہے کہ اسحاق ڈار پہلے کی طرح دوبارہ زبان نہ کھول دیں،اسحاق ڈار کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث اور اشتہاری ہیں، اسحاق ڈار نے پہلے بھی نواز شریف کی منی لانڈرنگ کے بارے میں انکشافات کیے تھے اور اب بھی شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید راز فاش ہونے کے ڈر سے انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا جارہا۔ 

تازہ ترین