• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیرپا امن کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں،جلد کراچی پیکیج کی پہلی قسط دینگے، وزیراعظم

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاق پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے، عوام کی جان و مان کا تحفظ اور انھیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبہ سندھ کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاق کا تعاون جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا امن کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، جلد کراچی پیکیج کی پہلی قسط دینگے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اتوار کو گورنر ہائوس کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ ملاقات میں صوبہ کی صورتحال،امن و امان ، وفاق کے تحت جاری منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت، معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کی شہ رگ ہے جس کی ترقی وخوشحالی کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہوتے ہیں، کراچی میں دیر پاامن و امان کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، امن و امان کے قیام سے معاشی ،اقتصادی ، تجارتی ، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں،صنعت کار ، تاجر اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈر ز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے، ہر ایک صوبہ کی ترقی و خوشحالی کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کراچی ترقیاتی پیکج کے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے گئے ہیں، وفاق کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت نتائج صوبہ سندھ سے حاصل ہو رہے ہیں ۔حیدر آباد ، جیکب آباد ، ٹھٹھہ ،ٹنڈو محمد خان اور کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے ۔ قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کراچی پہنچے تو ایئرپورٹ پر گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے وزیراعظم آج پیر کو پورٹ قاسم پر ایک تقریب میں شرکت کریں گے۔

تازہ ترین