• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکتوبر 2017ء تک پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور کا 26فیصد کام مکمل ہوا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کو 260 ایم جی ڈی پانی کی سپلائی کے منصوبے ’’کے فور‘‘ کا اکتوبر 2017ء تک 26 فیصد کام مکمل ہو سکا ہے جبکہ جون 2016ء میں شروع کئے گئے اس منصوبے کو جون 2018ء تک مکمل کیا جانا ہے۔ منصوبے کے پرنسپل اکائونٹنگ افسر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ رمضان اعوان نے بتایا کہ منصوبے کی مدت تکمیل میں مزید دس ماہ کا وقت مانگا گیا تھا تاہم حکومت نے مؤقف اختیارکیا کہ معاہدے کے تحت چلیں اور اسے مقررہ مدت میں ہی مکمل کیا جائے۔ منصوبے کی جمع کرائی گئی پراگرس رپور ٹ کے مطابق اکتوبر 2017ء تک منصوبے پر 6 ارب 56 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ اصل کل تخمینی لاگت 25 ارب 55 کروڑ روپے ہے اس طرح اب تک فنانشل پروگریس 25.67 فیصد ہے۔ پچاس فیصد وفاقی اور پچاس فیصد حکومت سندھ نے فنڈز فراہم کرنا ہیں۔ منصوبے کی فزیکل پروگریس 26 فیصد ہے ۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے انہیں بتایا ہے کہ ’’کے فور‘‘ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔دریں اثنا کراچی جو پینے کے پانی کی شدید قلت سے دوچار ہےاگر کے فور کو وقت مقررہ پر مکمل نہ کیاگیا تو شہریوں کو آئندہ گرمیوں میں مزید مشکلات اور حکومت سندھ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ آئندہ سال عام انتخابات بھی ہیں۔
تازہ ترین