• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے چار ماہ میں ایف بی آر ریونیو گروتھ 24فیصد،نومبر میں 27فیصد ہو گئی

اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر نے ریونیو وصولی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں۔ یکم جولائی 2017ء سے 31اکتوبر تک 24فیصد ریونیو گروتھ حاصل کی ہے جبکہ نومبر کے پہلے 18دنوں میں 27فیصد ریونیو گروتھ دکھائی ہے جو آل ٹائم ریکارڈ ہے۔ ان چار ماہ 18دنوں میں ایف بی آر نے 147ارب 28کروڑ روپے کا ریونیو جمع کیا جبکہ 2016-17ء کے ان ہی چار ماہ اٹھارہ دن میں 116ارب 35کروڑ روپے کے ٹیکس جمع ہوئے تھے۔ رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ اٹھارہ دنوں میں ایف بی آر نے 50ارب 44کروڑ کا انکم ٹیکس حاصل کیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 44ارب 24کروڑ کا انکم ٹیکس جمع ہوا تھا۔ اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ 18دن میں 71ارب 43کروڑ روپے کا سیلز ٹیکس وصول کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے ان ہی چار ماہ اٹھارہ دن میں 65ارب کا سیلز ٹیکس جمع ہوا تھا۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ اٹھارہ دن میں ایف بی آر نے 11ارب 87کروڑ روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جبکہ گزشتہ مالی سال کے ان ہی چار ماہ اٹھارہ یوم میں 8ارب 61کروڑ کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول ہوئی تھی۔ کسٹمز ڈیوٹی رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ اٹھارہ دنوں میں 26ارب 12کروڑ روپے کی جمع کر لی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ 21ارب 22کروڑ روپے جمع کی گئی تھی۔ چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا نے ریونیو وصولی میں 27فیصد اضافے پر ملک بھر کے 19ریجنل ٹیکس دفاتر کے چیف کمشنروں‘ کمشنروں‘ چیف کلکٹروں‘ کلکٹروں کو شاباش دی ہے۔ ایف بی آر کے ممبر آپریشنز خواجہ تنویر احمد نے جنگ کو بتایا کہ رواں مالی سال کیلئے میزانیاتی ریونیو گروتھ کا ٹارگٹ 19فیصد مقرر ہے۔
تازہ ترین