• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹی 20،لاہور کی تیسری فتح، سیمی فائنل کیلئے امید روشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور وائٹس نے تیسرامیچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے امکانات کو روشن رکھا ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں کراچی وائٹس نے پشاور کو چار وکٹ سے ہراکر لگا تار دوسری فتح اپنے نام کی۔ انورعلی اور سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ سے ہدف کو ممکن بنادیا۔ اس جیت کے بعد کراچی کی ٹیم بھی سیمی فائنل کی ریس میں شامل ہوگئی ہے۔ پچھلے میچ کے ہیرو انور علی نے 20 گیندوں پر41 رنز نا قابل شکست رنز بناکر میچ جتوادیا۔ انہوں نے دو چھکے اور تین چوکے مارے۔ کراچی نے تین گیندیں پہلے ہدف عبور کیا۔ پنڈی اسٹیڈیم میں پشاور نے سات وکٹ پر155رنز بنائے۔کراچی نے19.3 اوورز میں چھ وکٹ پر156رنز بنائے۔ انورعلی نے پچھلے میچ میں چار وکٹ حاصل کئے تھے۔ انورعلی نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر61رنز کی شراکت قائم کی۔ سرفراز احمد نے20گیندوں پر 28 رنز دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ اکبر رحمن نے29رنز کی اننگز کھیلی۔ قبل ازیں پشاور کی جانب سے اوپنرز رفعت اللہ مہمند اور اسرار نے پچاس پچاس رنز بنائے تھے۔ 101کی اوپننگ شراکت کے بعد کراچی کے بولروں نے میچ کو کنٹرول کر لیا۔ اعظم حسین نے29 اور اسد شفیق نے سات رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔انور علی ، ذوالفقار بابر اور رومان رئیس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اتوار کو ٹورنامنٹ کے نویں دن کے پہلے میچ میں لاہور وائٹس نے راولپنڈی کو 28 رنز سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کو پانچویں میچ میں تیسری شکست ہوئی۔ لاہور نے سات وکٹ پر178 رنز بنائے۔ کامران اکمل نے37 گیندوں پر 65 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔عمر اکمل نے24 گیندوں پر 33 رنز دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ سمیع اسلم نے27 رنز کی اننگز کھیلی۔سہیل تنویر نے30 اور محمد نواز نے 31 رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں راولپنڈی کی ٹیم بیس اوورزمیں 8 وکٹ پر 150 رنز بناسکی۔ عمر امین نے23 گیندوں پر35، محمد نواز نے27، زین عباس نے26 اور افتخار احمد نے 24 رنز بنائے۔ بلاول آصف نے 20 اور امید آصف نے37 رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ کامران اکمل کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
تازہ ترین