• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران دیگر ممالک میں مداخلت سے باز رہے، عرب لیگ کا انتباہ

ریاض (جنگ نیوز)عرب لیگ نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ وہ خطے کے دیگر ممالک میں مداخلت سے بازرہے ، عرب لیگ کے وزراء خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں ایران اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ پر توجہ مرکوز رہی۔ سعودی عرب اور دیگر عرب ریاستوں کا کہنا ہے کہ ایران اور اس کی اتحادی ملیشیا خطے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش میں ہیں۔ عرب لیگ کے نائب سیکرٹری نے کہا کہ قاہرہ میں اس اجلاس کے بعد عرب ممالک نے ایران کو سخت پیغام دیا ہے کہ وہ دیگر ممالک کے معاملات میں دخل اندازی سے باز رہے۔قبل ازیں سعودی عرب کی درخواست پر عرب لیگ کا غیرمعمولی اجلاس اتوار کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہوا۔اجلاس میں خطے میں ایران کی ’’ خلاف ورزیوں‘‘ اور ان سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کیاگیا۔بحرین اور متحدہ عرب امارات نے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے سعودی عرب کی درخواست کی حمایت کی تھی اور تنظیم کے موجودہ صدر ملک جیبوتی نے اس کی منظوری دی تھی۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان اس وقت عرب لیگ کے دو رکن ممالک لبنان کی سیاسی صورت حال اور قطر کے تنازعے کی وجہ سے شدید کشیدگی پائی جارہی ہے۔عرب لیگ کے ہفتے کو جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے یمن سے دارالحکومت الریاض کی جانب بیلسٹک میزائل کے ایک حملے کے بعد عرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے 4 نومبر کو الریاض کے نزدیک اس میزائل کو مار گرایا تھا۔سعودی عرب نے اپنی درخواست میں اس میزائل حملے کے علاوہ بحرین میں گیس کی ایک پائپ لائن پر حملے کا حوالہ دیا تھا۔بحرین نے 10 نومبر کو ایک گیس پائپ لائن کی دھماکے میں تباہی کا الزام ایران پر عاید کیا تھا۔ اس نے عرب خطے میں ایران کی خلاف ورزیوں اور دراندازیوں کا ذکر کیا تھا جن کے نتیجے میں نہ صرف عرب دنیا بلکہ دنیا بھر میں امن اور سلامتی خطرے سے دوچار ہوگئی ہے۔
تازہ ترین