• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ ہفتے چین میں ہونے والے ’مس ورلڈ 2017‘ کے مقابلہ حسن میں منتخب ہونے والی ’مس ورلڈ‘ منوشی چھلر کو دنیا 18 نومبر سے پہلے نہیں جانتی تھی۔زیادہ تر لوگوں کو بس اتنا پتا ہے کہ ’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے والی 20 سالہ دوشیزہ منوشی چھلر کا تعلق آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت سے ہے۔’مس ورلڈ‘ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق منوشی چھلر اس وقت میڈیکل کی طالب علم ہیں،اور وہ میڈیسن اینڈ سرجری میں بیچلر کر رہی ہیں۔مستقبل میں ’کارڈیک سرجن‘ بننے کا ارادہ رکھنے والی منوشی چھلر کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر سونی پت سے ہے، جہاں وہ 14 مئی 1997 میں پیدا ہوئیں۔منوشی چھلر کی پیدائش سے محض 3 سال بعد یعنی سال 2000 میں بھارت کی ہی خوبرو لڑکی ’پریانکا چوپڑا‘ ’مس ورلڈ‘ منتخب ہوئی تھیں، جو بعد ازاں معروف اداکارہ بنیں۔ابتدائی تعلیم مشنری اسکول سے حاصل کرنے والی منوشی چھلر نے میڈیکل کی تعلیم کا آغازاپنے ہی شہر سونی پت کے ’گورنمنٹ بھگت پھول سنگھ میڈیکل کالج‘ سے کیا۔مستقبل میں ایک این جی او قائم کرکے بھارت کے دیہی علاقوں میںاسپتال بنانے کا ارادہ رکھنے والی منوشی چھلر’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے سے قبل 25 جون 2017 کو بھارت میں ہونے والے مقابلہ حسن ’مس فیمینا انڈیا‘ کی فاتح بھی قرار پائیں تھیں۔ جس کے بعد وہ بھارت میں ہونے والی ’مس فوٹوجینک‘ مقابلے میں شریک ہوئیں، جس میں بھی انہیں فتح ملی، اور ان کا اگلا مقابلہ دنیا کی 118خوبصورت دوشیزاؤں سے تھا۔پیراگلائیڈنگ، بنگی جمپنگ، سنورکلنگ اور اسکیوبا ڈائیونگ سمیت آؤٹ ڈور اسپورٹس اور دیگر سرگرمیوں کی شوقین منوشی چھلر نے ’مس ورلڈ‘ کے طویل مقابلوں میں دنیا کے 118ممالک کی لڑکیوں کو مسلسل شکست دی۔ منوشی چھلر کا آخری مقابلہ انگلینڈ، فرانس، کینیا اور میکسیکو کی حسیناؤں سے تھا، لیکن وہ اس میں بھی سرخرو ہوئیں۔منوشی چھلرنے 18نومبر کو چینی شہر سانیا میں118ممالک کی لڑکیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’مس ورلڈ‘ کا اعزاز اپنے نام کیا۔انہیں ’مس ورلڈ‘ کا تاج پورٹو ریکو کی حسینہ نے پہنایا، جنہوں نے گزشتہ برس یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
تازہ ترین