• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائرایجوکیشن اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مقررہ حدود میں کام کرنے پراتفاق

کراچی (سید محمد عسکری+اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اختلافات ختم ہو گئے ہیں اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وفاقی ہائر ایجو کیشن کمیشن کی کی برتری تسلیم کر لی ہےجس کے بعد دونوں اداروں کے درمیان مقررہ حدود سے تجاوز نہ کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق کراچی میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر مختار کے درمیان ایک عشائیہ پر ملاقات ہوئی جس کا اہتمام دونوں کے دوست نے کیا تھا اس عشائیے میں دونوں طرف کے حکام بھی شریک تھے۔ ملاقات میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا رویہ مدافعانہ جب کہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کا رویہ جارحانہ رہا۔ ملاقات میں طے کیا گیا کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک محدود دائرہ کے اندر رہ کر کام کرے گی جس پر وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کو کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن صوبائی سطح پر سب سے پہلے قائم کیا گیا تھا جب کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کا قیام بعد میں عمل میں لایا گیا تھا۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ڈاکٹر نظام الدین کی سربراہی میں بہت فعال کردار ادا کیا ہے اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کو اس کی آئینی حیثیت تک محدود کر رکھا ہے جب کہ پنجاب کی جامعات وفاقی ہائر یاجوکیشن کمیشن کی جانب سے نوٹس دیئے جانے پر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سخت موقف اپنایا تاہم سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ میں فعال کردار ادا کرنے سے،قاصر رہا چار سال میں اب تک کمیشن کے محض تین اجلاس ہی ہو پائے ہیں، نہ عملہ ہے نہ ہی کمیشن کے ارکان کی تعداد مکمل ہے ۔یہی وجہ ہے کہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن پر حاوی ہو چکا ہے۔
تازہ ترین