• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نہتے کشمیریوں کو شہید کررہاہ ے، تنازع کے حل کیلئےبرطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی ارکان لابنگ کریں،سردار مسعود

مانچسٹر (علامہ عظیم جی / غلام مصطفیٰ مغل) صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں کو شہید کر رہا ہے، دیرینہ تنازع کے حل کیلئے برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی ارکان لابنگ کریں جبکہ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی قابض فورسز کے مظالم، کشمیریوں کی نسل کشی اور جموں میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی سازشوں کو سوشل میڈیا پر بے نقاب کرے، شاطر بھارت مغربی ممالک کو تجارتی تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دیکر انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے سے روکنا چاہتا ہے، انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر بھارت مغرب کو تجارتی تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دیتا ہے، کشمیری ہر صورت آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔ گزشتہ روز برٹش مسلم ہیرٹج سنٹر مانچسٹر میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی، بربریت اور ظلم کر رہا ہے، 250سے زائد دیہات صفحہ ہستی سے مٹا دیئے گئے جبکہ کشمیر پر ایل او سی پر فائرنگ کرکے پرامن آزاد کشمیر کے شہریوں کو شہید کر رہا ہے جبکہ اپنے اس گھنائونے ظلم بربریت اور انسانیت قتل و غارت گری کو چھپانے کے لئے مغربی ممالک کو اپنی اکنامک ڈپلومیسی کے تحت کشمیر کے انسانی حقوق پر آواز اٹھانے پر ان کو کاروباری تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی بھی ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو تو پامال کیا ہی تھا لیکن فاٹا اور بلوچستان، کراچی میں کھلم کھلا دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سہ فریقی مسئلہ ہے جس میں پاکستان بھارت اور کشمیری برابر کے سٹیک ہولڈر ہیں، صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے ڈوگرہ سرکار کے ساتھ مل کر اپنی فوج کو کشمیرمیں داخل کرکے دوسری جنگ عظیم کے دوران مرنے والوں حتیٰ کے ہولو کاسٹ سے بھی زیادہ نہتے مسلمان کشمیریوں کو شہید کیا ، بعدازاں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے بھارتی اور ڈوگرہ درندہ فوج سےآدھاکشمیر آزاد کرایاتھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہی نے اقوام متحدہ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا، جہاں پر کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملا تھا جسے آج ستر برس گزر جانے کے باوجود تک کشمیریوں کا ان کا حق نہیں دیا گیا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ برطانیہ میں منتخب پاکستانی ممبران پارلیمنٹ کو اپنے دیگر دوست ممبران پارلیمنٹ کو ساتھ ملا کر مسئلہ کشمیر پر موثر لابنگ کرنی چاہئے ،اس کے علاوہ تمام پاکستانیوں، کشمیریوں کو متحرک رول ادا کرنا چاہئے اور ای میلز، ٹیوٹر اور واٹس اپ پر بھارتی ظلم جبر اور نہتے کشمیریوں کو اغوا کرکے بدترین تشدد کے ساتھ قتل اور کشمیریوںں کی نسل کشی اور جموں میں باہر سے لا کر ہندوئوں کو بسا کر کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سنگین حرکات سے آگاہ کرانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر انگریز اور یورپی ممبران پارلیمنٹ یہ شکوہ کرتے ہیں کہ برطانیہ میں رہنے والے کشمیری پاکستانی انہیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خط نہیں لکھتے، ای میل نہیں کرتے، دبائو نہیں ڈالتے۔ صدر آزاد جموں کشمیر نے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں کہا کہ وہ ڈنکاسٹر یونیورسٹی کی دعوت پر آئے ہیں،وہ برطانوی سیاستدانوں، ممبران پارلیمنٹ اور کشمیری پاکستانی ہم وطنوں سے بھی ملاقاتیں کرکے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوشش کریں گے۔ ا انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مسئلہ کشمیر اب نوجوان نسل میں بھی سمجھا جانے لگا ہے اور وانی شہید کے بعد نوجوان نسل بھی بھارتی ظلم تشدد کے خلاف سراپا احتجاج اور آزادی کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت معاشی طور پر بڑے ملک ہونے ناجائز فائدہ اٹھا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن، قونصل جنرل مانچسٹر مسئلہ کشمیر کو برطانیہ میں اجاگر کرنے اور میڈیا کے ساتھ بہترین روابط رکھنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کو ہر حال میں آزاد کرائیں گے، اس کے لئے جتنی بھی قربانی دینی پڑے دیں گے، بھارت کا ظلم جتنا بڑھے گا، اتنا ہی آزادی کا جزبہ مزید بڑھے گا اور انشاء اللہ ہم بہت جلد آزادی حاصل کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے طلبا، مقامی بزنس مینوں اور کشمیریوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ صدر آزاد کشمیر کے استقبالیہ کے موقع پر پاکستانی ویلفیئر اتاشی مسز فضا نیازی خان نے کشمیر میں بھارتی ظلم کو اجاگر کرنے پر مبنی ایک ڈاکو منٹری فلم دکھانے کا اہتمام کیا جبکہ مسز ناہید کی قیادت میں بچوں نے کشمیر میں ظلم کے حوالے سے ٹیبلو پروگرام پیش کیا جبکہ مانچسٹر یونیورسٹی میں پاکستانی طالب اور طالبہ نے بھارتی ظلم پر مبنی تقاریر بھی کیں۔ قونصل جنرل عامر آفتاب قریشی نے صدر آزاد کشمیر سے مختلف وفود کو بھی ملوایا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سابق لارڈ میئر نعیم الحسن، کونسلر شوکت علی، مسٹر سہیل، بریٖڈ فورڈ کے سابق میئر غضنفر، چوہدری مسرت علی، چیئرمین او پی ایف بیرسٹر امجد ملک، جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت، ابوذر، سردار عبدالرحمٰن، ناصر محمود، وائس چیئرمین عمران ملک، جموں کشمیر تحری حق خودارادیت امجد حسین مغل، کمرشل اتاشی محمد شعیب، مسز زرقا احمد، اپوا کی جنرل سیکرٹری مسز احمد،درشہوار، کونسلر رب نواز، کونسلر شاہینہ ہارون، کونسلر تیمور طارق، کونسلر باسط شیخ، لارڈ میئر کونسلر شاداب، اولڈہم، کونسلر عاصم رشید، فاروق راجہ، چوہدری عارف، ظفر راٹھور کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔
تازہ ترین