• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے اسرائیل سے اسلحہ کی بڑی ڈیل منسوخ کر دی

لندن (نیوز ڈیسک) انڈیا کے میڈیا نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے اسرائیل سے500ملین ڈالر مالیت کے اسلحہ کی خریداری کے لئے ایک بڑی ڈیل منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بھارت نے رفائل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز سے8000’’سپائک‘‘ اینٹی ٹینک میزائل اور سیکڑوں لانچرز کی خریداری پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم ملکی میزائل ڈیولپمنٹ پروگرام کو مستحکم کرنے کے لئے ڈیل پر حتمی کارروائی سے قبل ہی پیچھے ہٹ گیا ہے۔ بھارت میں اس ڈیل کی تفصیلات سے آگاہ ذرائع نے بتایا کہ رفائل کو یہ پروجیکٹ مکمل کرنے کی اجازت دی جائے گی جس کے تحت کمپنی کو ایک مقامی اسمبلی پلانٹ قائم کرکے بھارت میں ملازمتیں فراہم کرنی ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق معاہدے پر دستخط ہونے والے تھے کہ مقامی ڈیفنس انڈسٹری کی جانب سے دبائو بڑھ جانے کے باعث معاہدے پر پیش قدمی فوری طور پر روک دی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا آغاز رفائل کی جانب سے 2014 میں اینٹی ٹینک سسٹم تیار کئے جانے کے بعد ہوا جس نے بھارتی فوج کے لئے سسٹم کی تیاری میں ایک امریکن کمپنی کے مسابقتی سسٹم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ بھارت نے اس میزائل کی خریداری کے لئے آمادگی ظاہر کی تھی جسے ایک گائیڈیڈ میزائل سسٹم کے ذریعے داغا جاتا ہے اور وہ میزائل فائر کئے جانے سے قبل ہی اپنے ہدف کو نشانے پر رکھ لیتا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے دونوں ممالک کے درمیان اسلحہ کی خریداری کے اس معاہدے پر دورہ اسرائیل کے دوران منظوری دی۔ تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلسل کشیدگی اور چین سے کشیدگی بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر اس پر دستخط کا فیصلہ کیا تھا۔
تازہ ترین